ملکہ الزبتھ کے قتل کے منصوبہ ساز نوجوان کو سزا

   

لندن : 2021 میں برطانیہ کی سابق ملکہ الزبتھ دوم کو قتل کرنے کے ارادے سے ونڈسر کاسل میں داخل ہونے والے برطانوی شہری جسونت سنگھ چیل کو نو سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ جسونت سنگھ نے جو، حراست میں لیے جانے کے وقت تیرکمان سے لیس تھا، برطانوی عدالت میں اعتراف جرم کیا تھا کہ وہ ملکہ الزبتھ کو برطانوی راج کے دوران جلیانوالہ باغ, امرتسر، میں سینکڑوں افراد کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لئے قتل کرنا چاہتا تھا۔ ملکہ کو قتل کرنے کے ارادے سے ونڈسر کاسل جانے سے قبل جسونت سنگھ نے کہا تھا کہ وہ اسٹار وارز فلموں سے متاثر تھا۔ اس نے ایک ویڈیو میں اپنے خاندان اور دوستوں سے قتل کے منصوبے پر جانے سے قبل معافی بھی مانگی تھی۔ خبر رساں ادارے رائٹر ز کے مطابق جب جسونت سنگھ کو سال 2021 کے کرسمس کے روزگرفتار کیا گیا تو اس وقت وہ سیاہ لباس پہنے ہوا تھا اور اس نے سر ڈھانپنے والی ہوڈی اور دھات کا نقاب اور ہاتھوں پر دستانے بھی پہن رکھے تھے۔