ملکہ الزبیتھ کی جانب سے مبارک باد

   

لندن ۔ ملکہ الزبیتھ دوم نے 44 سال میں یو ایس اوپن ٹینس ٹورنمنٹ جیتنے والی پہلی برطانوی کھلاڑی ایما راڈوکانو کو مبارکباد دی ہے۔ملکہ الزبیتھ دوم کی جانب سے سوشل میڈیا پر موجود شاہی محل کے سرکاری اکاونٹس پر یو ایس اوپن ٹینس ٹورنمنٹ جیت کر شاندار کامیابی حاصل کرنے والی برطانیہ کی 18 سالہ کھلاڑی ایما راڈو کانو کو مبارکباد دی گئی ہے۔شاہی محل کے سرکاری سوشل میڈیا اکاونٹس پر ملکہ برطانیہ کی جانب سے ایما راڈو کانو کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ ملکہ آپ کو یو ایس اوپن ٹینس چمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد بھیجتی ہیں۔ایما راڈوکانو کی ناقابلِ یقین کامیابی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ اتنی چھوٹی عمر میں یہ ایک قابل ذکرکامیابی ہے اور یہ آپ کی محنت اور لگن کا ثبوت ہے۔پوسٹ میں مزید لکھا گیا کہ ملکہ کو آپ اور آپ کی حریف لیلا فرنانڈیز کی شاندار کارکردگی پر کوئی شک نہیں کہ یہ ٹینس کھلاڑیوں کی اگلی نسل کو متاثر کرے گی۔ملکہ برطانیہ کی جانب سے ایما راڈو کانو اور ان کے مداحوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا۔ملکہ الزبیتھ دوم کی جانب سے ایما راڈو کانو کی کامیابی پر مبارکباد دینے کے لیے اس خصوصی پیغام کو شاہی خاندان کے سرکاری ٹوئٹر اکاونٹ پر بھی شائع کیاگیا ہے۔