لندن 22 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) بکنگھم پیالس کے ایک شاہی معاون میں کورونا وائرس کی توثیق ہوچکی ہے جبکہ ملکہ ایلزبتھ دوم اپنی اسی لندن قیامگاہ میں تھیں۔ 93 سالہ ملکہ کو جمعرات کو بکنگھم پیالیس سے ونڈسر کیسل غیر معینہ مدت کیلئے منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ان کی تمام مصروفیات کو بھی منسوخ کردیا گیا ۔ اطلاعات میںکہا گیا کہ وہ صحتمند ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واضح نہیں ہوسکا کہ یہ شاہی معاون ملکہ سے کس حد تک قریب جاسکتا تھا تاہم شاہی محل کے تمام ملازمین کو ‘ جن جن سے یہ شخص ملاقات کیا تھا ‘ آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ملکہ کی ونڈسر کیلئے روانگی سے قبل ہی یہ شخص وائرس سے متاثر پایا گیا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ محل میں تقریبا پانچ سو ملازمین ہیں اور کسی بھی دوسرے کام کے مقام کی طرح یہاں ایک دوسرے سے ملاقاتیں ہوتی ہیں اور کسی سے کسی کو یہ وائرس متاثر کربھی سکتا ہے ۔ متاثرہ شخص کا نام نہیں بتایا گیا ہے اور سمجھا جا رہا ہے کہ وہ علیل ہوگیا ہے اور جاریہ ہفتے کے اوائل ہی میں اسکے معائنے کروائے گئے تھے جن میں رپورٹس مثبت آئی ہیں۔ بکنگھم پیالیس نے تاہم ان رپورٹس پر کسی طرح کا رد عمل ظاہر کرنے سے انکار کردیا ہے ۔