ملکہ برطانیہ اور شہزادہ فلپ کی انگلش ٹیم کو مبارک باد

   

لارڈز ۔15 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی ورلڈکپ 2019 میں شاندار کامیابی پر ملکہ برطانیہ اور شہزادہ فلپ نے انگلش ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔انگلینڈ کی شاندار فتح پر ملکہ برطانیہ نے میزبان ٹیم کو مبارکباد دینے کے ساتھ ٹورنمنٹ کی رنر اپ ٹیم کے لیے بھی پیغام دیا کہ نیوزی لینڈ نے بھی فائنل اور پورے ٹورنمنٹ میں متاثر کن کھیل پیش کیا جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ واضح رہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کے فائنل میں میزبان انگلینڈ سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو شکست سے دوچار کر کے پہلی مرتبہ ورلڈ چمپئن بنا۔لندن کے ٹریفالگر اسکوائر پر لگائی گئی بڑی اسکرین پر میچ دیکھنے والے شائقین نے بھی انگلینڈ کی فتح کا بھرپور جشن منایا۔دریں اثناء انگلینڈ کے ورلڈ چمپئن بننے پر برطانیہ بھر میں جشن کا سماں رہا۔ لندن کے تاریخی لارڈز میدان میں بھی انگلش تماشائیوں نے بھرپور جشن منایا۔ نوجوان، بچے، بوڑھے اور خواتین اپنی ٹیم کی تاریخ ساز کامیابی پر رقص کر رہے تھے۔ انگلش کرکٹ ٹیم نے ٹرافی کے ساتھ پورے میدان کا چکر لگایا اور تماشائیوں اور اپنے اہل خانہ کا شکریہ ادا کیا۔ گراونڈ کے باہر سڑکوں پر ٹریفک جام تھا اور لوگ ایک دوسرے سے بغل گیر ہوکر مبارک باد دے رہے تھے۔1966 میں انگلینڈ نے اسی لندن شہر میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ فٹبال ٹورنمنٹ ویمبلے اسٹیڈیم میں جیتا تھا۔ شائقین نے کہا تھا کہ1966 کے بعد اس شہر میں پہلی مرتبہ اس طرح کے جشن کا سماں ہے۔سڑکوں پر شہری روایتی انداز میں رقص کر رہے تھے اور نعرے بھی لگا رہے تھے۔ سوپر اوور کے وقت تماشائی نشستوں سے کھڑے ہوگئے تھے۔انگلش مداح مسلسل اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی میں مصروف تھے۔میدان میں کانوں پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی تھی۔ واضح رہے لارڈز میں منعقدہ فائنل میں کئی نشیب و فراز آئے لیکن انگلش ٹیم نے مضبوط اعصاب کے ساتھ گھریلو میدان میں ورلڈکپ کی آخری لڑائی بھرپور طریقے سے لڑ ی اور انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی۔لارڈز کے تاریخی میدان پر دو ایسی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جو ماضی میں ورلڈ کپ جیتنے کے معاملے میں بدقسمت رہیں تھیں۔ انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف 242 کے ہدف کے مقابلے میں 50 اوورز میں 241 رنز بنائے۔ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فائنل کا فیصلہ سوپر اوور میں ہوا۔