نفرت پھیلانے والی خبروں سے کنارہ کشی اختیار کرنے صحافیوں کو مشورہ، عادل آباد میں جماعت اسلامی کا اجلاس، حامد محمد خاں کا خطاب
عادل آباد۔ ملک کی موجودہ صورتحال کو تشویشناک بتاتے ہوئے فرقہ پرستی ایک انڈسٹری میں تبدیل ہوکر رہ گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی ہند تلنگانہ و اڈیشہ جناب حامد محمد خان نے مستقر عادل آباد میں دفتر جماعت اسلامی میں ’ نشست برائے مسلم پریس و میڈیا ‘ منعقدہ اجلاس کے دوران کیا جبکہ نشست کا آغاز جناب ضیاء الحق کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ تقریب کی کارروائی مقامی امیر جناب عبدالجلیل نے چلائی۔ افتتاحی کلمات ضلع ناظم جناب محمد تنویر احمد نے پیش کرتے ہوئے ضلع میں جاری جماعت کی سرگرمیوں سے واقف کرایا۔ عادل آباد کے سہ روزہ دورہ پر آئے جناب حامد محمد خان نے اپنے سلسلہ کلام کو جاری رکھتے ہوئے مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ مسلم نوجوانوں کو دہشت گردی کے الزام میں جیلوں میں قید کرتے ہوئے ان کی زندگیاں تباہ کررہی ہے جبکہ دہشت گردی سے اسلام کا کوئی تعلق نہیں۔ ملک میں مذہبی تفریق کا ماحول پیدا کردیا گیا ہے۔ ملک کا دستور پامال ہوتا ہوا دیکھ کر لاکھوں غیر مسلم دانشور افراد ملک کے موجود حالات پر اپنی تشویش کا اظہار کررہے ہیں۔ عدالت کو گمراہ کرتے ہوئے ملک کا دستور پامال ہوتا ہوا دیکھ کر لاکھوں غیر مسلم دانشور افراد ملک کے موجودہ حالات پر اپنی تشویش کا اظہار کررہے ہیں۔ عدالت کو گمراہ کرتے ہوئے بابری مسجد کا فیصلہ کیا گیا۔ دھرم کے نام پر ملک میں تشدد کا بول بالا ہوتا جارہا ہے جبکہ اس کے برعکس جماعت اسلامی ہند ملت اسلامیہ کی حفاظت کے علاوہ برادران وطن میں نفرت کے ماحول کا خاتمہ کرتے ہوئے ہندو مسلم اتحاد کو پروان چڑھانے کی غرض سے ملک کی بقاء کیلئے جدوجہد کا سلسلہ بنائے ہوئے ہے۔ اس ضمن میں FDCA سدبھاونا فورم، دھارمک جن مورچہ فورم کمیٹیوں کی تشکیل ملک کے ہر مقام پر دی گئی ہیں جس میں غیر مسلم بڑے بڑے رہنماؤں کو شامل کیا گیا۔ جماعت اسلامی کے تحت آئندہ دعوت افطار، عید ملاپ جیسی تقاریب اپنے اپنے گھروں میں مناتے ہوئے غیر مسلم افراد کو مدعو کرکے ایک دوسرے میں ہم آہنگی اور محبت و خلوص میں اضافہ کرنے کو ترجیح دی جارہی ہے۔جناب حامد محمد خان نے ملک سے فرقہ پرستی جیسی لعنت کے خاتمہ کی خاطر مسلم صحافیوں کو متحد ہوکر نفرت پھیلانے والی خبروں سے کنارہ کشی کا مشورہ دیا اور غیر مسلم صحافیوں کو اسلامی تعلیمات کا مواد فراہم کرتے ہوئے دیگر زبانوں کے اخبارات میں شائع کرانے کی خواہش کی۔ امیر جماعت اسلامی تلنگانہ نے جماعت اسلامی کی کارکردگی کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جماعت کے تحت حیدرآباد میں پانچ دواخانے چلائے جارہے ہیں جبکہ چھوٹے تجارت پیشہ افراد کو تجارت کیلئے بلا سودی رقم فراہم کی جارہی ہے۔ جبکہ آر بی آئی میں بلا سودی کاروبار رقم فراہم کرنے کا ایک شعبہ بھی قائم کرنے کی کوشش جاری ہے۔ عادل آبادکے نمائندہ سیاست محبوب خان سے گفت و شنید کے دوران جناب حامد محمد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے تحت ایک سٹیلائیٹ چینل جس کی نشریات اردو کے علاوہ تلگو، انگریزی میں ہوگی جلد از جلد قائم کرنے پر غور و خوض کیا جارہا ہے۔