ملک ، مندر سے زیادہ اہم ، شیوسینا کا نعرہ

   

ممبئی ۔ 23 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : شیوسینا نے ایک اخباری رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پلوامہ دہشت گرد حملے کے پیش نظر آر ایس ایس نے مسئلہ رام مندر کو پس پشت ڈالتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو عارضی طور پر ترجیح دینے کا نیا موقف اختیار کیا ہے جو ملک کے مفادات میں ہے ۔ شیوسینا نے کہا کہ سنگھ ( آر ایس ایس ) نے اپنا انداز فکر اس لیے تبدیل کیا ہے کہ وہ ملک کے مفاد سازگار و سود مند ثابت ہوسکے اور یہ کہ کانگریس اور دیگر جماعتوں کا مجوزہ عظیم اتحاد ملک میں کبھی بھی امن نہیں لا سکتا اور نہ ہی استحکام فراہم کرسکتا ہے ۔ 2014 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل بھی یہی نعرہ دیا گیا تھا۔

سینا نے پلوامہ جیسے واقعات کا اعادہ روکنے کے لیے ملک میں ایک مستحکم حکومت کی ضرورت پر زور دیا ۔ شیوسینا نے اپنے اداریہ میں مزید کہا کہ ’ ملک خدا سے بھی زیادہ اہم ہوتا ہے ۔ جو بی جے پی کے ساتھ حال ہی میں مفاہمت کے بعد دراصل ’ پہلے مندر پھر سرکار ‘ سے متعلقہ اس کے سابق موقف سے انحراف ہے ۔ شیوسینا نے کہا ہے کہ ’ سنگھ پریوار ‘ پلوامہ اور کشمیر جیسے مسائل پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے رام مندر کا مسئلہ بازو رکھ دیا ہے ۔ آر ایس ایس یہ بھی محسوس کرتا ہے کہ کشمیر کے مسائل حل کرنے کے لیے ملک کو ایک مستحکم حکومت کی ضرورت ہے ‘ ۔۔