ملک بھر میں آج بند کو کامیاب بنانے شہر کی مساجد اور اداروں کی اپیل

   

کئی تجارتی اداروں کا بھی بند میں حصہ لینے اور حمایت کا فیصلہ ، اسکولس بھی بند رکھے جائیں گے
حیدرآباد۔28جنوری(سیا ست نیوز) ملک بھر میں منائے جانے والے 29جنوری کے بند کو کامیاب بنانے کے لئے شہر حیدرآباد کی کئی ایک مساجد اور ادارو ںکی جانب سے اپیل کی جانے لگی اور شہر حیدرآباد میں 29 جنوری کو کئی اسکولوں نے رضاکارانہ طور پر بند میں حصہ لیتے ہوئے قومی سطح پر کئے جانے والے احتجاج کو کامیاب بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہر حیدرآباد کے کئی تجارتی اداروں کی جانب سے بھی اس بند میں حصہ لینے اور اس کی مکمل حمایت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ شہر کے مرکزی تجارتی علاقوں میں موجود تاجرین کی تنظیموں کی جانب سے بھی بند کو کامیاب بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تلنگانہ پرائیویٹ اسکولس اسوسیشن کی جانب سے اسکولوں کو تعطیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ پرائیویٹ اسکولس جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے بھی اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہر حیدرآباد کے کئی تجارتی بازاروں نے بھی 29 جنوری کو بند میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ملک بھر میں کئی تنظیمو ںکی جانب سے سی اے اے‘ این آرسی اور این پی آر کے علاوہ حکومت کی ناکامیوںاور الکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے منائے جانے والے اس بھارت بند میں حصہ لینے کیلئے قومی سطح پر سرکردہ علماء اور دلت مسلم اتحاد کے علمبردار قائدین کی جانب سے اپیل کی جا رہی ہے۔بھارت بچاؤ ‘ ملک بچاؤ‘ ای وی ایم ہٹاؤ‘ جمہوریت بچاؤ کے منصوبہ کے تحت کئے جانے والے اس احتجاج کو سینکڑوں تنظیموں کی تائید حاصل ہے۔