نئی دہلی۔26؍اکتوبر ( ایجنسیز ) الیکشن کمیشن پیر کی شام پریس کانفرنس میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر، اسپیشل انٹینسیو ری ویژن) کے آغاز کا اعلان کرے گا۔ کمیشن کے مطابق، یہ عمل ملک بھر میں ووٹر لسٹوں کو شفاف بنانے کے مقصد سے کیا جا رہا ہے۔ تاہم، ابھی تک یہ واضح نہیں کہ ایس آئی آر پورے ملک میں بیک وقت شروع ہوگا یا ابتدائی طور پر صرف ان ریاستوں میں جن میں آنے والے وقت میں انتخابات ہونے ہیں۔کمیشن ممکنہ طور پر ایس آئی آر کے پہلے مرحلے کی تفصیلات پیش کرے گا جس میں تقریباً 10 سے 15 ریاستیں شامل ہوں گی۔ ان میں وہ ریاستیں بھی شامل ہو سکتی ہیں جہاں 2026 میں اسمبلی انتخابات متوقع ہیں جیسے ٹاملناڈو، مغربی بنگال، کیرالا، آسام اور پڈوچیری۔ وہ ریاستیں جہاں فی الحال بلدیاتی انتخابات جاری ہیں یا جلد ہونے والے ہیں انہیں فی الوقت اس عمل سے مستثنیٰ رکھا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ بہار میں حال ہی میں ایس آئی آر کی کارروائی مکمل ہوئی ہے جس کے بعد وہاں نئی ووٹر لسٹ 30 ستمبر کو جاری کی گئی۔ اس فہرست میں تقریباً 7.42 کروڑ ووٹر درج کیے گئے ہیں تاہم بہار میں یہ عمل تنازعات کا شکار رہا اور اس کے خلاف سپریم کورٹ میں سماعت جاری ہے۔
