محض 5.2 فیصد اسکول کھولے گئے، بیشتر اسکولوں میں آن لائین کلاسس
حیدرآباد: کورونا وباء کے آغاز کے بعد ملک بھر میں تعلیمی سرگرمیاں مفلوج ہوگئی تھیں اب جبکہ ملک بھر میں کیسس کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ ایک سروے کے مطابق ابھی تک صرف 5.28 فیصد اسکول کھل چکے ہیں۔ ان میں سے 81.24 فیصد اسکولوں کا جنوری سے جزوی طورپر آغاز ہوا ہے۔ ملک بھر کے تعلیمی اداروں سے متعلق کئے گئے سروے میں اس بات کا پتہ چلا ہے کہ 17.06 فیصد اسکولوں میں جاریہ سال فیس وصول نہیں ہوئی جبکہ 59.74 فیصد اسکولوں نے صرف 40 فیصد فیس کی وصولی کا دعویٰ کیا ہے۔ اسکولوں کی آمدنی میں کمی کا راست طور پر اثر اسٹاف پر پڑا۔ ملک بھر میں 26.49 فیصد اسٹاف میں کمی کی گئی جبکہ 36.43 فیصد اسٹاف کو کم تنخواہ ادا کی جارہی ہے۔ بعض اسکول ایسے ہیں جنہوں نے کمزور معاشی موقف کے باوجود اپنے ملازمین کا ساتھ دیا ہے۔ دو تہائی سے زیادہ اسکول آن لائین کلاسس کا اہتمام کر رہے ہیں ۔ سروے میں بتایا گیا ہے کہ کمزور معاشی موقف کے باعث طلبہ کی قابل لحاظ تعداد آن لائین کلاسس سے دور رہی کیونکہ ان کے سرپرست فیس کی ادائیگی کے موقف میں نہیں تھے۔
