ملک بھر میں تلنگانہ ماڈل مثالی، دھرانی پورٹل کی مخالفت افسوسناک

   

اراضیات میں بے قاعدگیوں کا خاتمہ، نرمل میں کلکٹریٹ اور بی آر ایس آفس کی افتتاحی تقریب سے چیف منسٹر کے سی آر کا خطاب

حیدرآباد۔/4جون، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج نرمل میں نوتعمیر شدہ کلکٹریٹ اور بی آر ایس دفتر کا افتتاح انجام دیا۔ 15 ایکر اراضی پر 56 لاکھ روپئے کے صرفہ سے کلکٹریٹ کی عالیشان عمارت تعمیر کی گئی ہے۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ریاستی وزراء اندرا کرن ریڈی، پرشانت ریڈی، رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار، سابق مرکزی وزیر وینوگوپال چاری اور مقامی عوامی نمائندے موجود تھے۔ چیف منسٹر نے بی آر ایس کے نئے آفس کے افتتاح کے موقع پر پارٹی پرچم لہرایا اور خصوصی پوجا میں شرکت کی۔ انہوں نے رکن اسمبلی اور ضلع بی آر ایس صدر وٹھل ریڈی کو صدارتی کرسی پر بٹھایا۔ حال ہی میں گرام پنچایتوں کی ترقی کے بارے میں مرکزی حکومت سے ایوارڈ حاصل کرنے والے سرپنچ جی میناکشی اور ایم پی ٹی سی جی سبھاش کو چیف منسٹر نے مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے دھرانی پورٹل کے خلاف اپوزیشن کے اعتراضات کو مسترد کردیا اور کہا کہ دھرانی کو خلیج بنگال میں پھینکنے کی بات کرنے والوں کو عوام خلیج بنگال میں پھینک دیں۔ چیف منسٹر نے اپوزیشن کے رویہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سابق میں ریوینیو ڈپارٹمنٹ میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں ہوچکی ہیں۔ دھرانی پورٹل کے ذریعہ کسانوں اور عوام کو اراضی کے حقوق فراہم کئے گئے ہیں۔ کانگریس قائدین دھرانی پورٹل کو خلیج بنگال میں پھینکنے کی بات کررہے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ اراضی معاملات میں پیروکاروں کا راج رہے اور ویلیج ریوینیو آفیسرس کی خدمات بحال ہوں۔ انہوں نے کہا کہ رعیتو بندھو اسکیم کی رقم حیدرآباد میں بینکوں میں جمع کی جارہی ہے جو راست طور پر کسانوں کے اکاؤنٹس میں منتقل ہوتی ہے۔ انہوں نے رعیتو بیمہ کے تحت 5 لاکھ روپئے کی انشورنس رقم کی فراہمی کے بارے میں حکومت کے اقدامات سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دھرانی پورٹل کے نتیجہ میں اراضی تنازعات کی یکسوئی میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراضیات کے معاملہ میں بے قاعدگیوں کی تائید کرنے والے پورٹل کے خلاف ہیں۔ مہاراشٹرا میں بی آر ایس کے داخلے کے بعد وہاں کی حکومت کی جانب سے کسانوں کیلئے امدادی اسکیم کا اعلان کیا گیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کئی ریاستوں میں تلنگانہ کی اسکیمات پر عمل آوری کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کیلئے حکومت نئی حکمت عملی تیار کررہی ہے۔ چیف منسٹر نے نرمل ضلع کی 396 پنچایتوں کیلئے فی کس 10 لاکھ روپئے فنڈز کی منظوری کا اعلان کیا۔ انہوں نے نرمل، مدھول، خانہ پور میونسپالٹیز کیلئے 25 کروڑ روپئے فنڈز کا اعلان کیا۔ نرمل ضلع کے 19 منڈل ہیڈکوارٹرس کیلئے 20 لاکھ روپئے فنڈز منظور کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس سی امتحانات میں نرمل نمبر ون رہا ہے۔ انہوں نے ٹیچرس اور طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ملک بھر میں تلنگانہ ماڈل کا مطالبہ کیا جارہا ہے اور بی آر ایس کے قیام کا مقصد تلنگانہ ماڈل کے ذریعہ ملک بھر میں تبدیلی لانا ہے۔ر