ملک بھر میں نیٹ ورک پھیلانے جے ایم بی کی کوشش

   

بنگلور میں خفیہ ٹھکانوں کا قیام، بدھ مندروں پر حملوں کے منصوبے : این آئی اے
نئی دہلی 14 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کے سربراہ وائی سی مودی نے کہا ہے کہ جمعیۃ المجاہدین بنگلہ دیش ہندوستان میں اپنا نیٹ ورک پھیلارہی ہے اور مختلف ریاستوں سے 125 مشتبہ افراد کے ناموں کی فہرست کا تبادلہ عمل میں لایا گیا ہے۔ وائی سی مودی نے آج یہاں انسداد دہشت گردی اسکواڈس کے سربراہوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جمعیۃ المجاہدین بنگلہ دیش (جے ایم بی) ، جھارکھنڈ، بہار، مہاراشٹرا، کرناٹک اور کیرالا میں بنگلہ دیشی مہاجرین کے بھیس میں اپنی سرگرمیاں پھیلارہی ہے‘۔ اُنھوں نے کہاکہ ’این آئی اے 125 مشتبہ کارکنوں کی فہرست کا مختلف ریاستوں کے ساتھ تبادلہ کرچکی ہے۔ یہ کارکن مبینہ طور پر جے ایم بی سے قریبی تعلق رکھتے ہیں‘۔ این آئی اے کے انسپکٹر جنرل الوک متل نے مختلف کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے تاہم کہاکہ ریاستوں کے ساتھ تبادلہ کی گئی فہرست میں 130 نام ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ 2014 ء تا 2018 ء کے دوران جے ایم بی نے بنگلورو میں 20-22 خفیہ ٹھکانے قائم کیا تھا اور جنوبی ہند میں اپنی بنیادیں پھیلارہی ہے۔ متل نے کہاکہ جے ایم بی، مائنمار میں روہنگیا مسلمانوں کی حالت کا انتقام لینے کے لئے ہندوستان میں بدھ مندروں پر حملے کرنا چاہتی ہے۔