ملک بھر میں کہر ، متعدد پروازیں منسوخ

   

Ferty9 Clinic

پروازوں کی آمد و رفت میں تاخیر ، ایرٹریفک کنٹرول کی توثیق
حیدرآباد۔17۔ڈسمبر(سیاست نیوز) ملک بھر میں کہر کے سبب پروازوں کی تنسیخ کا سلسلہ اب بھی جاری ہے اور ہندستان کے مختلف شہروںبشمول حیدرآباد سے زائد از 55 پروازیں منسوخ ہونے کی توثیق ہوئی ہے۔ انڈیگو کی پروازوں کی تنسیخ کے نتیجہ میں دوبارہ فضائی مسافرین اسے انڈیگو کی لاپرواہی قرار دے رہے ہیں لیکن ائیرٹریفک کنٹرول نے اس بات کی توثیق کی ہے کہ کہر کے سبب پروازیں منسوخ ہونے کے علاوہ کئی شہروں سے تاخیر سے روانہ ہوئی ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ حیدرآباد‘ ممبئی ‘ دہلی ‘ جئے پور‘ رائے پور‘ بنگلورو‘ کولکتہ اور دیگر ائیر پورٹس سے پروازیں منسوخ ہونے لگی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں سرد لہروں اور صبح کے اوقات میں کہر آلود موسم کے نتیجہ میں یہ صورتحال پیدا ہورہی ہے اور یہ صورتحال کسی ایک شہر تک محدود نہیں ہے بلکہ ملک بھر کے کئی شہروں میں یہ مسائل پیدا ہونے لگے ہیں۔ انڈیگو ائیرلائنس کی جانب سے مسافرین کے لئے جاری اطلاع میں کہاگیا ہے کہ صبح کے اوقات میں روانہ ہونے والی پروازوں میں تاخیر یا ان کی تنسیخ اور ان کے رخ کی تبدیلی کی توقع کے ساتھ بکنگ کروائی جائے کیونکہ موسم کہر آلود ہونے کے نتیجہ میں پروازوں کی اڑان میں مشکلات ہونے لگی ہے اور ملک بھر کے کئی شہروں میں ان مسائل کا پروازیں شکار ہورہی ہیں۔شہر حیدرآباد سے ملک کے مختلف شہروں کو روانہ ہونے والی کئی پروازوں کی تنسیخ کے سلسلہ میں اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور کہا جار ہاہے کہ آئندہ 3یوم کے دوران بھی صبح کی اولین ساعتوں میں مطلع کہر آلود ہونے کے نتیجہ میں نہ صرف پروازوں کی تنسیخ ہوگی بلکہ محکمہ موسمیات نے شاہراہوں پر سفر کرنے والوں کو بھی محتاط انداز میں گاڑی چلانے کی تاکید کی ہے۔3