نئی دہلی 17 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈین ریلویز نے منگل کو کم از کم 85 ٹرینوں کو کورونا وائرس کی وجہ سے منسوخ کردیا ہے ۔ یہ ٹرینیں کئی بڑی اور اہم روٹس پر چلنے والی تھیں۔ اس کے علاوہ پلیٹ فارم ٹکٹس کو بھی اہم ریلوے اسٹیشنس پر مہنگا کردیا گیا ہے ۔ جو پلیٹ فارم ٹکٹ 10 روپئے کا ہوا کرتا تھا اب اس کو 50 روپئے کردیا گیا ہے تاکہ پلیٹ فارمس پر عوام کے ہجوم کو کم سے کم کیا جاسکے ۔ کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے احتیاطی اقدام کے طور پر یہ فیصلے کئے گئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ریلوے مسافرین کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے اور ٹکٹس منسوخ کروائے جانے کی شرح میں بہت زیادہ اضافہ ہوگیا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب ویسٹرن ‘ سنٹرل اور ایسٹ کوسٹ ریلویز میں ٹکٹ بہت زیادہ منسوخ کروائے جا رہے ہیں۔ صرف ایسٹ کوسٹ ریلویز میں ہی گذشتہ چند دنوں کے دوران ایک لاکھ سے زائد ٹکٹس منسوخ کروائے گئے ہیں۔ ملک بھر میں ٹکٹس منسوخ کروائے جانے کی شرح میں گذشتہ چھ دنوں میں 80 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ وزیر ریلوے پیوش گوئل نے آج ایک اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لیا ۔