ملک تمدنی اعتبار سے منقسم لیکن مودی کے بارے میںمتفقہ نعرہ

,

   

وزیراعظم بے تکان کام کرتے ہیں، دھنباد میں امیت شاہ کا روڈ شو
دھنباد ۔8مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) یہ کہتے ہوئے کہ بی جے پی دوبارہ برسراقتدار آئے گی ، قومی صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج دعویٰ کیا کہ ملک کے عوام تہذیبی اعتبار سے اور تمدن کے لحاظ سے منقسم ہیں لیکن سب کا ایک ہی نعرہ وزیراعظم نریندر مودی کی تائید میں ہے ۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے امیت شاہ نے کہا کہ کانگریس جو 55سال میں نہیں کرسکی۔ مودی زیرقیادت حکومت نے صرف پانچ سال کے دوران غریبوں کیلئے کر دکھایا ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے تقریباً تمام ریاستوں کا انتخابات کے سلسلہ میں دورہ کیا ہے ۔ ملک گیر سطح سے عوام رنگ ڈھنگ اور تہذیبی اعتبار سے الگ الگ ہیں لیکن ہر جگہ ایک مشترکہ بات بھی پائی جاتی ہے ، وہ سب متفقہ طور پر مودی جی کی تائید میں نعرے لگاتے ہیں ۔ راہول گاندھی پر تنقید کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ صدر کانگریس جیسے ہی گرمی کا آغاز ہوتا ہے چھٹیوں پر جاتے ہیں ۔ دوسری طرف مودی جی ہیں جنہوں نے 20سال سے کوئی چھٹی نہیں لی ۔ جب کہ راہول گاندھی طویل مدت کیلئے چھٹیا ں لے کر تفریحی مقامات پر چلے جاتے ہیں ۔ ماں کو اُن کا پتہ تک نہیں ہوتا ،وہ پریشان رہتی ہیں ۔ امیت شاہ نے کہا کہ عوام ایسے لیڈر کی تلاش میں ہیں جس نے اپنی زندگی ملک کے لئے وقف کردی ہو ۔ اپنے خاندان کے مفادات کی اُس کو کوئی فکر نہ ہو ۔ مودی زیر قیادت حکومت نے گذشتہ پانچ سال میں غریبوں کی فلاح و بہبود کیلئے جو کچھ کیا ہے کانگریس برسوں میں نہیں کرسکی ۔ انہوں نے کہا کہ دراندازوں کو ملک سے خارج کردیا جائے گا ، ان کی پارٹی دوبارہ اکثریت میں آتے ہی یہ کام کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ قومی رجسٹر برائے شہریان کا نفاذ دراندازوں کو نکال باہر کرنے کیلئے کیا گیا ہے کیونکہ وہ دیمک کی طرح ہیں ۔ راہول بابا اینڈ کمپنی نے اس کو انسانی حقوق کا مسئلہ بنا دیا ہے ۔ میں ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ جب بے قصور جوان ہلاک کئے جارہے تھے اور ان کے خاندان مصائب میں مبتلا ہورہے تھے تو انہیں فکر کیوں نہیں ہورہی تھی ۔ جھارکھنڈ میں ترقی اُسی کا کام تھا جو اس نے نہیں کیا ۔ صدر بی جے پی نے کہا کہ ان کی حکومت نے ہزاری باغ میں میڈیکل کالج کھولا ، رانچی کینسر ہاسپٹل قائم کیا ہے اور برقی توانائی پلانٹ پیراتو میں قائم کیا ۔ 13ویں فینانس کمیشن نے یو پی اے میں جھارکھنڈ کی ترقی کیلئے 55253 کروڑ روپئے اور مودی حکومت نے ایک لاکھ کروڑ روپئے سے زیادہ اس ریاست کو دیئے ۔