نئی دہلی : حکومت نے جمعہ کو کہا کہ ملک کو ٹی بی سے پاک کرنے کے لئے 2030 کا ہدف ہے ، لیکن اس سمت میں جاری کام کو دیکھتے ہوئے سال 2025 تک یہ ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔لوک سبھا میں ضمنی سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر صحت منسکھ لال مانڈویہ اور ریاستی وزیر بھارتی پروین پوار نے کہا کہ ٹی بی کے علاج کے لیے بیداری مہم چلائی جا رہی ہے اور ٹی بی مکت بھارت ابھیان کے ذریعے ملک سے ٹی بی کے خاتمے کا کام جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو دسمبر 2025 تک ٹی بی سے پاک بنانے کے لیے تیزی سے کام جاری ہے اور صدر جمہوریہ کی موجودگی میں ٹی بی مکت بھارت پروگرام طے کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لوگوں کو ٹی بی کے مریضوں کے علاج کے لیے بھی ترغیب دے رہی ہے ، جس کے تحت 12 لاکھ ٹی بی کے مریضوں کی نشاندہی کی گئی اور کئی نامور لوگوں نے ان مریضوں کو گود لینے اور صحت یاب ہونے تک انہیں تمام سہولیات فراہم کرنے کا معاہدہ کیا ہے ۔