ملک سے غداری کیس‘ شرجیل امام کی ضمانت منظور

   

نئی دہلی: الہ آباد ہائی کورٹ نے شرجیل امام کی درخواست ضمانت منظور کر لی ہے۔ ان پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف مظاہرے کے دوران اشتعال انگیز تقریر کرنے کا الزام ہے۔ سال 2019 میں تقریر کے بعد شرجیل امام کے خلاف ملک سے غداری کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔شرجیل امام کے خلاف علی گڑھ پولیس نے امن و امان کی فضا خراب کرنے، مذہب کی بنیاد پر نفرت کو فروغ دینے اور ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کے ارادے سے بیان دینے کے الزام میں کئی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق شرجیل کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس سومترا دیال سنگھ نے کہا کہ ریاست اتر پردیش کے علی گڑھ میں دی گئی تقریر کے سلسلے میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ عدالت نے کہا کہ جہاں تک درخواست گزار کی مجرمانہ تاریخ کا تعلق ہے، اس پر مناسب وقت میں غور کیا جانا چاہیے۔ تاہم، موجودہ کیس میں قید کی مدت کو دیکھتے ہوئے درخواست گزار کی ضمانت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔50 ہزار کے مچلکہ پر پابند کرتے ہوئے ضمانت پر رہا کرنے کا فیصلہ سنایا۔