ملک سے فرقہ پرستی کے خاتمہ کیلئے کانگریس کو ووٹ دیں

   

سنگاریڈی میں انتخابی مہم سے نرملا جگاریڈی کا خطاب ، بی آر ایس کو مسترد کرنے کی خواہش

سنگاریڈی۔30 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ پارلیمنٹ میدک کانگریس پارٹی امیدوار نیلم مدھو نے نرملا جگا ریڈی صدر ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی ضلع سنگاریڈی، جیا جگا ریڈی قائد یوتھ کانگریس اور دیگر قائدین کے ہمراہ کنڈہ پور اور سداسیو پیٹ منڈل کے مختلف مواضعات میں بائیک ریالی، جلسہ، جلوس اور کارنر میٹنگس منعقد کرتے ہوئے اپنی انتخابی مہم منظم کی۔ نرملا جگا ریڈی صدر ضلع کانگریس نے مختلف مقامات پر کارنر میٹنگس کو مخاطب کرتے ہوے کہا کہ ملک میں اقتدار کی تبدیلی کا آغاز ریاست تلنگانہ سے ہوا اور تلنگانہ میں کانگریس اقتدار میں آئی اب مرکز میں تبدیلی اقتدار ہوگی اور مرکز میں کانگریس کی قیادت میں سیکولر حکومت قائم ہوگی۔ مرکز میں سیکولر کانگریس حکومت آنے کے لیے کانگریس کے ایم پی امیدوار کو ووٹ دیکر کامیاب کرنے کی ضرورت ہے۔ ملک سے فرقہ پرستی اور تعصبیت کے خاتمہ کے لیے عوام کو متحدہ طور پر کانگریس کے حق میں ووٹ کرنا چاہئے۔ نیلم مدھو کانگریس امیدوار نے کہا کہ تلنگانہ سے خاندانی حکومت کا دور ختم ہوا اور عوم کی امنگوں کی عکاسی کرنے والی کانگریس حکومت قائم ہوئی جو اپنے وعدے پورا کرتے ہوے عوام کے دلوں میں اپنا مقام بنا لیا ہے۔ کانگریس کی 6 ضمانتوں میں سے 5 پر عمل شروع ہوچکا ہے اور پارلیمنٹ انتخابات کے بعد مزید وعدوں کی تکمیل کی جائگی۔ کانگریس جو کہتی اس کو پورا کرتی ہے ، یہ کانگریس کی تاریخ اور کردار ہے۔ انھوں نے بی آر ایس امیدوار پر تنقید کرتے ہوے کہا کہ انھوں نے بحیثیت کلکٹر ضلع سدی پیٹ وہاں کے کسانوں سے سخت نا انصافی کی ہے اب وقت آچکا ہے کہ انھیں شکست دیکر سبق سکھایا جائے۔ عوام بی آر ایس کو مسترد کرتے ہوے ہاتھ کے نشان پر ووٹ دیکر بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب کریں۔ ایم پی منتخب ہونے پر ہمہ وقت عوام کے لیے دستیاب رہتے ہوے عوامی مسائل کی یکسوئی کے لیے کام کریں گے اور حلقہ کی ترقی کے لیے سعی کریں گے۔ اس موقع منوج ریڈی، پربھو، شریکانت، لکشما ریڈی، سوما اور کشن کے علاوہ دیگر موجود تھے۔