ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری سب سے بڑے مسائل

   

حکومت نے روزگار دینے والی کمپنیاں صنعت کاروں کے حوالے کردیں:پرینکا
کوکشی (دھار): کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے آج کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری آج ملک کے سب سے بڑے مسائل ہیں اور ملک کو روزگار فراہم کرنے والی کمپنیوں کو حکومت نے کچھ صنعت کاروں کے حوالے کر دیا ہے لہذا اس مسئلہ کاحل نکالنا پڑے گا۔ پرینکا گاندھی مدھیہ پردیش کے دھار ضلع کے کوکشی میں پارٹی امیدوار کی حمایت میں منعقدہ انتخابی میٹنگ سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس دوران انہوں نے قبائلی اکثریتی علاقے میں کہا کہ جواہر لال نہرو سے لے کر اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی تک نے کبھی بھی قبائلیوں کی ثقافت کو تبدیل کرنے کی کوشش نہیں کی۔ ان کی پالیسیوں سے قبائلیوں کو ہمیشہ فائدہ ہوا۔محترمہ پرینکا گاندھی نے اس سلسلے میں کہا کہ نوجوانوں کی بے روزگاری اور مہنگائی اس وقت کے سب سے بڑے مسائل ہیں۔ سرکاری عہدے خالی پڑے ہیں۔ پہلے زیادہ تر نوکریاں بڑی سرکاری کمپنیوں سے آتی تھیں لیکن اب حکومت نے انہیں کچھ صنعت کاروں کے حوالے کر دیا ہے جو بے روزگاری کی ایک بڑی وجہ ہے ۔انہوں نے وہاں موجود لوگوں سے سوال کیا کہ کیا کسی کو معلوم ہے کہ اڈانی اور امبانی جیسے صنعت کار کیا بناتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ چھوٹے صنعتکار کورونا کی بیماری اور جی ایس ٹی جیسی چیزوں سے برباد ہو گئے ۔ جی ایس ٹی کی وجہ سے مہنگائی بہت بڑھ رہی ہے ۔محترمہ گاندھی نے کہا کہ کانگریس کے دور میں وزیر اعظم نریندر مودی پیاز کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کو گھیرتے تھے ، لیکن اب وہ کچھ نہیں کہہ رہے ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ ریاستی حکومت نے 22 ہزار اعلانات کیے ، لیکن 22 کو بھی پورا نہیں کیا۔