ملک میںکئی فیاکٹریاں بند کیوں ہوئیں، وزیراعظم سے شرد پوار کا استفسار

   

لاکھوں نوجوان بیروزگار، مودی کے قافلہ پر پیاز پھینکیں گے
ناسک ۔ 19 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) این سی پی صدر شرد پوار نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے استفسار کیا کہ آخر ملک میں کساد بازاری کے باعث کئی فیاکٹریاں بند کیوں ہورہی ہیں۔ مودی کو یہ جواب دینا چاہئے کہ یہ معاشی سست روی کیوں پیدا کی گئی۔ مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات سے قبل پارٹی ورکرس کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق مرکزی وزیر نے یہ بھی کہا کہ مراٹھا مانوس ممبئی کے ٹیکسٹائل ضلع سے در بدر کردیا گیا ہے۔ پربھنی میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شرد پوار نے دعویٰ کیا کہ ریاستی حکومت ناسک کی مارکٹ میں پیاز لانے کی اجازت نہیں دے رہی ہے ۔ عہدیداروں نے ان سے کہا کہ حکومت کو ان سے ڈر ہے کہ نریندر مودی کے قافلہ پر عوام پیاز پھینکیں گے کیونکہ کسان پاکستان سے پیاز درآمد کرنے کے فیصلہ پر ناراض ہیں۔ شرد پوار نے کہا کہ ملک میں معاشی کساد بازاری چل رہی ہے۔ اگر یہی حال رہا تو ملک کی معیشت مشکلات سے دوچار ہوجائے گی۔مودی کو اس مسئلہ پر لب کشائی کی ضرورت ہے۔