ملک میں اب صرف ہال مارک سونے کی فروخت

,

   

مرکزی حکومت کی پالیسی پر 15 جون سے عمل آوری
حیدرآباد :ملک میں اب صرف ہال مارک گولڈ ہی فروخت کیا جاسکے گا۔ مرکزی حکومت کی جانب سے تیار کی گئی پالیسی کے مطابق اب صرف ہال مارک کا نشان رکھنے والے سونے کی فروخت کی ہی اجازت حاصل رہے گی اور 14کیرٹ کے علاوہ 18 اور 22کیرٹ کے سونے کے زیورات پر ہال مارک کے نشان کندہ کئے جائیں گے۔15جون سے اس پالیسی پر لازمی عمل کیا جائے گا اور سونے کے تاجرین اور صرافہ بازار کے لئے یہ احکام جاری کردیئے گئے ہیں کہ وہ صرف ہال مارک کے نشان کندہ کیا ہوا سونا ہی فروخت کرسکتے ہیں اور اگر کسی تاجر کے پاس سونے کے زیور ہیں تو انہیں ہال مارک کا نشان حاصل کرنا ہوگا۔ ملک بھر میں فی الحال صرف 40 فیصد سو نے کے زیور ایسے ہیں جن پر ہال مارک کا نشان کندہ کیا ہوا ہے۔35ہزار879 صراف ایسے ہیں جو کہ بی آئی ایس بیورو آف انڈین اسٹانڈرڈ میں رجسٹرڈ ہیںجبکہ ملک میں 4لاکھ سے زائد سونے کے تاجرین موجود ہیں۔ گذشتہ 5برسوں کے دوران ملک میں ہال مارک کے نشان کے حصول کے مراکز کی تعداد میں 25فیصد اضافہ ہوا ہے جہاں پر سونے کے خالص ہونے کے علاوہ زیورات پر ہال مارک کا نشان کندہ کیا جاتا ہے اور ان زیورات پر جو خالص ہیں ان پر تاجر کے شناختی نمبر کے علاوہ دیگر نشانات کے ذریعہ اس کی توثیق کی جاتی ہے۔ ہال مارک کے ذرائع کے مطابق اب ہندوستان میں ہال مارک کے پاس سالانہ 14کروڑ سونے کے زیورات پر نشان کندہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے اور اب جبکہ مرکزی حکومت کی جانب سے اختیار کردہ پالیسی میں یہ کہا گیا ہے کہ ملک میں اب ہال مارک کے بغیر سونے کے زیورات کی فروخت ممکن نہیں ہوگی تو ایسی صور ت میں آئندہ چند ماہ کے دوران ہال مارک کے نشان کندہ کئے ہوئے سونے کی مانگ میں اضافہ ہوگا اور صرافہ بازار میں موجود تاجرین کی جانب سے سونے پر نشان کندہ کروانے میں دلچسپی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔