ملک میں اتنی بڑی بدعنوانی پر کانگریس کی خاموشی حیران کن

   

شملہ : بھارتیہ جنتا پارٹی ہماچل پردیش کے انچارج اویناش رائے کھنہ نے اتوار کو دعویٰ کیا کہ جھارکھنڈ سے کانگریس کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ دھیرج ساہو کی شراب کمپنی بودھ ڈسٹلری کے احاطوں پر تین دن سے جاری چھاپے میں محکمہ انکم ٹیکس نے اب تک 300 کروڑ روپے سے زیادہ کی نقدی ضبط کی ہے ۔ اس جانچ میں اب تک نقدی کے 156 سے زیادہ بیگ ملے ہیں۔کھنہ نے کہا کہ ہم وطنوں کو ان نوٹوں کے ڈھیر کو دیکھنا چاہئے اور پھر اپنے لیڈروں کی ایمانداری کی تقریریں سننی چاہئیں۔ عوام سے جو لوٹا ہے اس کی ایک ایک پائی واپس کرنی ہوگی۔ یہ ہمارے ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی کی گارنٹی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجرم راجیہ سبھا ایم پی سے اب تک 300 کروڑ روپے سے زیادہ کی نقدی برآمد ہوئی ہے اور بہت سے لاکر ابھی کھولنے ہیں، آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ اس بدعنوانی کی مالیت کتنے کروڑوں کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اپنے آپ میں بدعنوانی کا ایک بڑا معاملہ ہے اور حیرت کی بات یہ ہے کہ کانگریس پارٹی اس معاملے پر خاموش ہے ، انہقں نے نہ تو اس راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ کے خلاف کوئی کارروائی کی اور نہ ہی اس واقعہ کی مذمت کی۔ اگر دیکھا جائے تو کانگریس پارٹی کا اصل چہرہ اور شبیہ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے ،۔