مرکزی وزارت شماریات کی جاری کردہ کنزیومر پرائس انڈیکس 2024 میں انکشاف
حیدرآباد ۔ 18 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ملک میں گذشتہ 12 سال کے دوران عوام کی آمدنی میں دو گنا اضافہ ہوا ۔ مگر معیار زندگی میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی ہے ۔ جس کی وجہ سے عام شہریوں کی روزمرہ زندگی کے لیے ضروری رہنے والے اشیاء ضروریہ سے طبی خدمات تک کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے ۔ ملک کے دیگر ریاستوں کے بہ نسبت تلنگانہ میں اشیاء ضروریہ قیمتیں زیادہ ہیں ۔ مرکزی وزارت شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ میں اس کا انکشاف ہوا ہے ۔ ملک کے 1114 شہروں اور 1181 دیہاتوں میں سروے کرتے ہوئے قیمتوں کی تفصیلات حاصل کی گئی ہے ۔ جس کا کنزیومر فوڈ پرائس انڈیکس میں تذکرہ حاصل کیا گیا ہے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگست 2023 کے مقابلے 2024 اگست میں ملک میں گوشت ، مچھلی اور مصالحوں کی قیمتوں میں کمی آئی ہے ۔ اس کے علاوہ غذائی اجناس کی قیمتوں کا اشاریہ 192.5 کی قومی اوسط سے بڑھ کر 203.4 ہوگیا ۔ ملک میں تمام اشیاء ضروریہ کو دیکھتے ہوئے سبزیوں کی قیمتوں کا انڈیکس 260.6 کی بلند ترین قومی اوسط پر پہونچ گیا گذشتہ سال کے بہ نسبت ترکاریوں کی قیمتوں میں 10.71 فیصد جب کہ دالوں اور مہنگائی میں 13.60 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ تمام اشیاء ضروریہ کی افراط زر 3.65 فیصد ہے ۔ مرکز نے الگ سے 22 بڑی ریاستوں کی تفصیلات جاری کی ہے ۔ جس میں اگست 2023 میں درج ہوئے سی پی آئی پوائنٹس سے اگست 2024 کے پوائنٹس کا موازنہ کیا گیا ہے ۔ ان میں 201.6 سی پی آئی کے ساتھ تلنگانہ سرفہرست ہے ۔ جب کہ جموں و کشمیر 200.1 ، کیرالا 198 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے مقام پر ہے ۔ تلنگانہ جو اگست 2023 میں 197.6 پوائنٹس کے ساتھ 22 ریاستوں میں سرفہرست تھا اگست 2024 میں 201.6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست مقام پر برقرار ہے ۔۔ 2