ملک میں اقلیتوں کے سماجی، مذہبی و دستوری حقوق محفوظ

   

مرکزی وزیر مختار عباس نقوی سے امریکی وفد کی بات چیت
نئی دہلی ۔ 30 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) اقلیتی امور کے وزیر محتار عباس نقوی نے کہا کہ ہندوستان کے اکثریتی سماج کے ڈی این اے میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور رواداری پائی جاتی ہے۔ دورۂ کنندہ امریکی وفد سے ملاقات میں انہوں نے بتایا کہ ملک میں اقلیتوں کے سماجی ، مذہبی اور دستوری حقوق مکمل طور پر محفوظ ہیں ۔ امریکی سفیر برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی سیمویل براؤن بیاک کی زیر قیادت امریکی وفد نے آج مختار عباس نقوی سے ملاقات کی ۔ ایک گھنٹہ طویل اس ملاقات میں مختار عباس نقوی نے ہندوستان میں اقلیتوں کو سماجی ، معاشی اور تعلیمی اعتبار سے ترقی دینے کے لئے حکومت کے مختلف پروگراموں کی تفصیلات سے واقف کروایا ۔ وفد نے اقلیتوں کی ترقی سے متعلق مودی حکومت کے پروگراموں کی ستائش کی۔ ذرائع کے مطابق نقوی نے کہا کہ ہندوستان اقلیتوں کیلئے جنت ہے جبکہ پاکستان اقلیتوں کے جہنم بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا کیلئے کثرت میں وحدت کی مثال ہے۔ مرکز میں 2014 ء میں مودی حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے کوئی بڑا فساد نہیں ہوا ۔