ملک میں امن و خوشحالی کیلئے دعاء کریں

   

Ferty9 Clinic

ناگرکرنول میں عازمین حج سے رکن اسمبلی ڈاکٹر راجیش ریڈی کی اپیل، تربیتی اجتماع
ناگرکرنول۔ 7 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سفر حج میں درپیش مشقتوں پر صبر کرنے پر حج مقبول ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولاناحافظ خواجہ فیض الدین نقشبندی ناظم دارالافتاء والقضاء و مدرسہ دارالعلوم عربیہ محبوب نگر للبنات نے کیا۔ ضلع حج سوسائٹی ناگرکرنول کے زیر ِ اہتمام روبی گارڈن فنکشن ہال ناگرکرنول میں ضلع ناگرکرنول کے عازمین حج کے حج تربیتی اجتماع وٹیکہ اندازی کیمپ کاانعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی ڈاکٹر راجیش ریڈی رکن اسمبلی ناگرکرنول نے شرکت کرتے ہوئے عازمین حج کے ٹیکہ اندازی کیمپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے عازمین حج سے اس مقدس مقام پر ملک ، ریاست بلخصوص حلقہ ناگرکرنول کی خوشحالی و ترقی کے لئے دعا کرنے کی خواہش کرتے ہوئے کہاکہ آنے والے دنوں میں ریاست بھر میں پینے کے پانی اور برقی کی رکاوٹ نہ ہونے کے لئے اللہ تعالیٰ سے دعا مانگیں۔قبل ازیں صدر ضلع حج سوسائٹی ناگرکرنول نے خطبہ استقبالیہ دیا۔ ضلع حج سوسائٹی کے مشیر جناب الحاج محمد مبین احمدخان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عازمین حج کے لئے مستقل کوئی عمارت نہ ہونے کے سبب تربیتی اجتماعات کا انعقاد فنکشن ہالوں میں کیا جارہا ہے حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے بعض مسلم نواجونوں کی جانب سے گزشتہ سالوں میں اپنی کوششوں کے ذریعے منی حج ہاؤز،عید گاہ اور شادی خانہ و مسلم کمیونٹی ہال کی تعمیر کے لئے تین ایکر تیرہ گنٹے اراضی خریدی گئی لیکن تعمیر کام تعطل کا شکار ہوگیا۔مبین احمد خان نے رکن اسمبلی کو بتایا کہ حاجی مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں رہ کر اپنے ہاتھ میں ہندوستان کا پرچم تھامے ہوئے اپنے ملک کی شناخت لئے ملک کے امن امان ، بھائی چارہ ، خوشحالی کے لئے دعا کرتا ہے۔اجتماع کا آغاز جناب محمد ابراہیم نقشبندی معتمد سوسائٹی کی قرأت کلام پاک سے ہوا جبکہ جناب الحاج محمد صادق پاشاہ نقشبندی القادری ، جناب یعقوب بن عثمان باوزیر، حافظ محمد محبوب علی شریک معتمد سوسائٹی نے بارگاہ ِ نبوت میں نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔اس موقع پر مہمان عالم ِ دین مولانا حافظ سید خواجہ فیض الدین نقشبندی نے اجتماع کی صبح اور دوپہر کی نشستوں میں اپنے خطاب کے ذریعے عازمین حج کو تفصیلی تربیت دی۔ مولانا نے ایام حج 8 تا 13 ذالحجہ پانچ دنوں کو حج کے اہم دن قراردیتے ہوئے کہا کہ ایام حج کے لئے اپنے طور پر ایک لائحہ عمل کو ترتیب دینے کے لئے ایک نوٹ بنالیں تاکہ مناسک حج اداکرنے میں آسانی ہو۔ مکہ معظمہ ومدینہ منورہ میں قیام کے دوران مقامات مقدسہ کی بھی زیارت کا اہتمام کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ مسجد نبوی میں حجرہ عائشہؓ ، اصحاب صفہ کا چبوترہ، اسطوانہ حنانہ ، ریاض الجنہ کے بشمول 15 تاریخی مقامات 200 میٹر کے چودہ سو سالہ قدیم مسجد ِ نبو ی میں موجود ہیں۔انہوں نے دکن کے معروف بزرگ حضرت انواراللہ شاہ صاحب ؒ کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے مدینہ منورہ میں قیام کے دوران اپنے دل ودماغ، خیالات کوپاک رکھنے کی تلقین کی۔اس موقع پر رکن اسمبلی کے ہمراہ کانگریس قائدین جناب حبیب الرَّحمٰن،قادر،کونسلر س جناب اسحاق،نظام، سرینو، کے ناگیش کے علاوہ حج سوسائٹی ناگرکرنول کے نائب صدورمولانا عبدالحق نظامی نقشبندی، جناب الحاج شمشیر خان(کلواکرتی)، جناب الحاج یوسف خادم گلیمی (اچم پیٹ)،شریک معتمد جناب الحاج شیخ عبدالشکور، خازن جناب الحاج شیخ مولاپیراں، پبلسٹی سیکریٹری جناب نورالحق، اعجاز احمد نقشبندی و دیگر نے حصہ لیا۔