متاثرین کی تعداد 8 ہزار سے متجاوز ، ٹسٹنگ کی گنجائش میں اضافہ کے اقدامات ، وزارت صحت کے جوائنٹ سکریٹری کی پریس کانفرنس
نئی دہلی، 12 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ -19) کے 900 سے زیادہ نئے کیسز درج کئے جانے کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد بڑھ کر 8925 ہو گئی اور اس دوران اس وبا سے 34 افراد کی موت ہو جانے سے مرنے والوں کی تعداد 273 تک پہنچ گئی ہے ۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 909 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی اب تک اس وبا کے 8925 کیسزکی تصدیق ہوئی ہے جن میں 71 غیر ملکی مریض بھی شامل ہیں۔ ابھی تک کورونا وائرس سے متاثر 716 افراد صحت مند ہو چکے ہیں۔وزارت صحت کی جانب سے اتوار کی صبح جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس ملک کی 31 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے ۔ وائرس سے سب سے شدید متاثر مہاراشٹر ہے جہاں اب تک 1761 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور127 افراد کی موت ہوچکی ہے . مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 17 افراد ہلاک ہوئے اور187 لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ وزارت صحت کے جوائنٹ سکریٹری لاؤ اگروال نے پریس کانفریس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے ٹسٹ کرنے کی گنجائش میں اضافہ کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 8925ہوگئی ہے ۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا بھی اظہار کیا کہ کئی مریض صحتیاب ہوکر دواخانہ سے ڈسچارج بھی ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ہفتہ سے اب تک 74 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں ۔ ملک بھر میں خانگی میڈیکل کالجس کو بھی کورونا وائرس ٹسٹ کیلئے استعمال کیا جارہا ہے ۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے عہدیداروں نے بتایا کہ ایک لاکھ 86 ہزار 906 نمونوں کی اب تک ملک بھر میں جانچ کی گئی ہے ۔ جن کے منجملہ 7953 نمونے مضبط پائے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ پانچ دنوں کے دوران یومیہ 15747 نمونوں کی جانچ کی جارہی ہے ۔ جن میں 584 ٹسٹ پازیٹیو ہوئے ہیں ۔ ویکسن یا دوا کی تیاری سے متعلق سوال پر انہوں نے بتایا کہ یہ تیاری کے مختلف مراحل میں ہے ۔ وزارت صحت نے یہ بھی بتایا کہ 20 ہزار ریل کوچیس کو آئیسولیشن وارڈز میں تبدیل کیا گیا ہے ۔ لاؤ اگروال نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں پانچ ہزار کوچس کو آئیسولیشن وارڈ میں تبدیل کیا جائے گا ۔ سرکاری ترجمان کے ایس دھت والیہ نے بتایا کہ وزراء کے گروپ نے ملک میں ذخیرہ کا جائزہ لینے کے بعد 13 ممالک کو ہائیڈروکلوروکیوین بھیجنے کو منظوری دے دی ہے ۔ دوسری طرف مرکزی حکومت نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ فلاحی اقدامات پر توجہ دیں ۔