ملک میں انصاف ، اعتدال اور امن کیلئے مسلمان اہم رول ادا کریں

   

جماعت اسلامی ارکان کے کل ہند اجتماع کا آغاز ، اتحاد کے ذریعہ چیلنجس پر قابو پانے امیر جماعت اسلامی جناب سعاد ت اللہ حسینی کا مشورہ

حیدرآباد ۔15۔نومبر (سیاست نیوز) جماعت اسلامی ہند کے ارکان کے کل ہند اجتماع کا آج سے وادی ہدیٰ پہاڑی شریف روڈ پر آغاز ہوا۔ ارکان کے کل ہند اجتماع میں ملک بھر سے تقریباً 15000 مندوبین شرکت کر رہے ہیں اور اتوار 17 نومبر تک اجتماع جاری رہے گا۔ امیر جماعت اسلامی ہند جناب سید سعادت اللہ حسینی نے اجتماع کے آغاز پر خطاب کرتے ہوئے دنیا میں موجود اخلاقی ، روحانی ، سماجی ، سیاسی اور معاشی مسائل کا وسیع احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ سماج میں عدل اور انصاف کے علمبردار کے طور پر امت مسلمہ کو اہم رول ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے ارکان کو ذمہ داریوں کی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ سماج کیلئے انہیں رول ماڈل بننا چاہئے ۔ پرامن اور عدل پر مبنی معاشرہ کی تشکیل کے لئے اعلیٰ اخلاقی کردار کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے قیام کا بنیادی مقصد اقامت دین ہے اور اجتماع میں ارکان کی کثیر تعداد میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ اقامت دین سے ارکان کا مضبوط تعلق ہے۔ انہوں نے اجتماع کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجتماع تحریکی تجربات کے تبادلہ ، اعلیٰ مقاصد کے لئے جذبہ قربانی ، نظم و ضبط ، ذہنی و فکری ہم آہنگی اور اجتماعی اخلاقی قوت کے اضافہ کا اہم ذریعہ ہے۔ دنیا بھر میں اسلام اور اس کی تعلیمات پر جاری عوامی مباحث ہمیں شہادت حق کا سنہری موقع فراہم کرتے ہیں۔ موجودہ حالات میں ہماری ذمہ داری ہے کہ اسلام کے حوالے سے مثبت رائے عامہ کی تشکیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب اعتدال کا راستہ ترک کردیا جائے تو انتہا پسندی جنم لیتی ہے جو ناانصافی کی طرف پیش قدمی کا آغاز ہے ۔ امیر جماعت اسلامی ہند نے کہا کہ ہمیں ہر کسی کو اعتدال اور انصاف کے راستہ پر چلنے کی تلقین کرنی چاہئے ۔ مسلمانوں اور پسماندہ طبقات کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے جناب سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ اتحاد اور ثابت قدمی کے ذریعہ موجودہ چیلنجس کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے ۔ موجودہ حالات سخت اور آزمائش ضرور ہیں لیکن کامیابی کے راستے سخت مراحل سے ہوکر گزرتے ہیں جس میں جدوجہد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ارکان کو حالات کا ماتم کرنے یا الزام تراشیوں کے بجائے اپنے کام پر توجہ مرکوز کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مدد اور نصرت ضرور حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ارکان کی کارکردگی تجربات اور کارنامے جماعت کیلئے قیمتی سرمایہ ہیں۔ جنرل سکریٹری جماعت اسلامی ٹی عارف علی نے گزشتہ 10 برسوں کی کارکردگی پر مبنی رپورٹ پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت کے ارکان مختلف سطح پر معاشرہ میں اہم رول ادا کر رہے ہیں ۔ گزشتہ دو برسوں میں 8 لاکھ سے زائد خاندانوں نے تعلیم ، صحت اور معیشت کے حوالے سے جماعت اسلامی سے وابستہ اداروں سے استفادہ کیا۔ گزشتہ 10 برسوں میں بلا سودی مائیکرو فینانس کی 130 سے زائد سوسائٹیوں کے ذریعہ لاکھوں خاندانوں کو سینکڑوں کروڑ روپئے بلا سودی قرِض کے طور پر جاری کئے گئے ۔ ہزاروں بے گناہ افراد کو قانونی اور مالی مدد فراہم کی گئی۔ اجتماع کے پہلے دن مختلف عنوان پر علحدہ سیشن منعقد کئے گئے۔ خصوصی نمائش ’’ادراک تحریک شوکیس‘‘ توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے جس میں جماعت اسلامی اور اس کے اداروں کی کارکردگی کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ 1