سابق وزیر اعظم کی جینتی تقاریب، ریونت ریڈی، مانک راؤ ٹھاکرے اور دیگر قائدین کا خراج
حیدرآباد /20 اگسٹ ( سیاست نیوز) سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی جینتی پر آج کانگریس نے زبردست خراج پیش کیا۔ پردیش کانگریس یوتھ کانگریس اور راجیو گاندھی سد بھاؤنا یاترا یادگاری کمیٹی سے مختلف پروگرامس منعقد کئے گئے۔ سوماجی گوڑہ راجیو گاندھی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کرنے والوں میں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، اے آئی سی سی انچارج مانک راؤ ٹھاکرے، رکن اسمبلی جگا ریڈی، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، انجن کمار یادو اور دوسرے شامل ہیں۔ اس موقع پر ریونت ریڈی نے کہا کہ نوجوانوں کو 18 سال کی عمر میں رائے دہی کا حق فراہم کرنا راجیو گاندھی کا کارنامہ ہے۔ گرام پنچایتوں کو مستحکم کرنے اور مجالس مقامی میں خواتین کو تحفظات فراہم کئے گئے۔ انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں ملک نے راجیو گاندھی کے دور میں نمایاں ترقی کی۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹکنالوجی کی ترقی کا آغاز راجیو گاندھی کے دور میں ہوا۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی ملک میں نفرت کی سیاست پر کاربند ہے اور آئندہ انتخابات میں کامیابی کیلئے مذہب اور ذات پات کو بنیاد رہی ہے۔ مانک راؤ ٹھاکرے نے عوام سے اپیل کی کہ بی آر ایس اور بی جے پی کو شکست سے دوچار کرتے ہوئے کانگریس کو مرکز اور ریاست میں اقتدار عطا کریں۔ یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر شیوا سینا ریڈی کی قیادت میں راجیو گاندھی جینتی تقاریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پارٹی کے سینئر قائدین نے شرکت کی۔ گاندھی بھون میں مانک راؤ ٹھاکرے اور دوسروں نے راجیو گاندھی کے پورٹریٹ پر پھول نچھاور کئے۔ تاریخی چارمینار کے دامن میں راجیو گاندھی سد بھاونا یاترا یادگاری کمیٹی نے تقریب کا اہتمام کیا۔ جی نرنجن نے پارٹی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر صفائی ورکرس میں پھل تقسیم کئے گئے۔ تقریب میں کانگریس قائدین جی کنہیا لال، راجیش کمار، وینکٹیش مدیراج، اوم پرکاش شرما، محمد اقبال، موسیٰ قاسم، عابد علی، مجیب اللہ شریف، عامر علی، میر حیدر علی جعفری اور دوسروں نے شرکت کی۔ پردیش کانگریس کمیٹی ڈاکٹر سیل کے علاوہ صدر ضلع کانگریس خیریت آباد روہن ریڈی کی جانب سے راجیو گاندھی جینتی کا اہتمام کیا گیا۔ روہن ریڈی نے غریبوں میں غذائی اجناس کی تقسیم عمل میں لائی۔