حیدرآباد میں بھی مرکز کے قیام کیلئے اقدامات ۔ سکریٹری وزارت اطلاعات و نشریات
حیدرآباد۔14۔نومبر(سیاست نیوز) حکومت ہند نے ملک بھر میں انڈین انسٹیٹیوٹ آف کریٹیو ٹیکنالوجی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے اور اس انسٹیٹیوٹ کیلئے خانگی عوامی شراکت داری کے ذریعہ مراکز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مسٹر سنجے جاجو سیکریٹری محکمہ اطلاعات و نشریات نے حیدرآباد میں ایک پریس کانفرنس میں یہ بات کہی ۔انہو ںنے بتایا کہ ان اقدامات میں شہر حیدرآباد کو بھی شامل کیا گیا ہے اور حیدرآباد میں بھی انڈین انسٹیٹیوٹ آف کریٹیو ٹیکنالوجی کا قیام خانگی عوامی شراکت داری کے ذریعہ عمل میں لایا جائیگا ۔ انہوںنے 16ویں انڈیا گیم ڈیولپر کانفرنس کے دوران کہا کہ انڈین انسٹیٹیوٹ آف کریٹیو ٹیکنالوجی کا قیام ممبئی میں عمل میں لایا جائیگا اور اس میں مرکز سے 48 فیصد شراکت داری کو یقینی بنایا جائے گا ۔ اسکے علاوہ CII اور FICCI جیسے ادارو ں سے شراکت داری کے ذریعہ اس ادارہ کے قیام کو یقینی بنایا جائیگا ۔ مسٹر سنجے جاجو نے بتایا کہ حکومت مہاراشٹراکی جانب سے اس ادارہ کیلئے اراضی کی تخصیص ہوچکی ہے اور آئندہ چند ماہ میں ادارہ کے قیام کے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبہ کے تحت شہر میں مرکز کے قیام کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ عصری ٹکنالوجی کے ماہر نوجوانوں کوجو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کرنا چاہتے ہیں یہ بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوسکتا ہے۔مسٹر سنجے جاجو نے کہا کہ اس ادارہ کے قیام کا مقصد ٹکنالوجی سے وابستہ نوجوانوں میں تخلیقی صلاحیتوں کو بہتر بناکر انہیں دنیا کے سامنے پیش کرنا اور عالمی سطح پر جاری ٹکنالوجی کے میدان میں تخلیقی صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے تاکہ ہندوستانی نوجوان عالمی مسابقتی میدان میں دیگر ممالک کے نوجوانوں سے مقابلہ کیلئے تیار رہیں اور عالمی سطح پر صلاحیتوں کے اظہار اور تخلیقات کو بہتر انداز میں پیش کرنے کے قابل بنایا جائے ۔ 3