افواہوں پردھیان نہ دیں اور گھبرانے کی ضرورت نہیں: بی پی سی ایل کا شہریوں کو مشورہ
نئی دہلی، 25 مارچ (یو این آئی) مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی گمراہ کن خبروں کے درمیان مرکز اور سرکاری تیل کمپنیوں نے واضح کیا ہے کہ ہندوستان میں پٹرول اور ڈیزل کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی متاثر ہونے کی افواہیں تیزی سے پھیلیں، جس سے ملک کے کچھ حصوں میں عوامی تشویش میں اضافہ ہوا اور بعض پٹرول پمپوں پر بھیڑ دیکھی گئی۔ تاہم، حکام نے ان خدشات کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جیو پولیٹیکل تناؤ کے باوجود ہندوستان کی فیول سکیورٹی مضبوط ہے ۔ بھارت پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (بی پی سی ایل) نے ایک تفصیلی مشورے میں شہریوں کو یقین دلایا ہے کہ ملک میں ایندھن کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور تمام سپلائی چینز معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قلت کی افواہیں سراسر غلط ہیں اور گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ بی پی سی ایل نے بیان میں کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی کمی سے متعلق پھیلائی جانے والی خبریں بالکل بے بنیاد ہیں۔ ہندوستان میں ایندھن کا کافی اسٹاک ہے اور سپلائی کا نظام معمول پر ہے۔ بی پی سی ایل مکمل طور پر فعال ہے اور بلا تعطل ایندھن کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے ۔ براہِ کرم افواہوں پر دھیان نہ دیں اور صرف سرکاری ذرائع پر بھروسہ کریں۔کمپنی نے یہ بھی واضح کیا کہ ہندوستان ان ایندھنوں کا خالص برآمد کنندہ ہے ۔ خام تیل، پیٹرول، ڈیزل اور ہوا بازی کے ایندھن کے وافر ذخائر دستیاب ہیں اور سپلائی چین میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہے ۔ کمپنی کے مطابق تمام ریفائنریز، ڈپو اور پٹرول پمپ پوری صلاحیت کے ساتھ کام کر رہے ہیں، لہٰذا شہری گھبراہٹ میں آکر ایندھن کی غیر ضروری خریداری سے گریز کریں۔ دریں اثنا، وزارتِ پیٹرولیم اور قدرتی گیس نے بھی تصدیق کی ہے کہ ملک کی تمام ریفائنریز اعلیٰ صلاحیت پر چل رہی ہیں اور پٹرول و ڈیزل کا مناسب اسٹاک برقرار رکھا گیا ہے ۔ وزارت کی جوائنٹ سکریٹری سجاتا شرما نے بتایا کہ ملک بھر میں ایندھن کے تمام ریٹیل آؤٹ لیٹس معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کچھ علاقوں میں افواہوں کی وجہ سے ’پینک بائینگ‘ (گھبراہٹ میں خریداری) دیکھی گئی۔
جس سے پٹرول پمپوں پر غیر معمولی بھیڑ ہوئی۔ حکومت عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں؛ ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کا وافر ذخیرہ موجود ہے ۔”