غربت ، بیروزگاری میں اضافہ ، ہندوستان کو بہتر اپوزیشن کی ضرور ت، نوبل انعام یافتہ ابھیجیت بنرجی کا بیان
جئے پور ۔ /26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نوبل انعام یافتہ اور ماہر معاشیات ابھیجیت بنرجی نے کہا کہ ہندوستان کا بینکنگ شعبہ بری طرح متاثرہے ۔ ایک لحاظ سے دیوالیہ کا شکار ہونے کے قریب ہے ۔ حکومت بینکوں کو راحت فراہم کرنے کے موقف میں نہیں ہے ۔ تیرہویں جئے پور لٹریچر فیسٹول کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ابھیجیت بنرجی نے کہا کہ آٹو موبائیل شعبہ میں انحطاط سے پتہ چلتا ہے کہ ہندوستانی عوام کو معیشت پر سے اعتماد اٹھ چکا ہے ۔ ملک کا مالیاتی شعبہ بھیانک بحران سے گزررہا ہے ۔ مالیاتی شعبہ کو درپیش صورتحال تشویشناک ہے ۔ حکومت حقیقت میں اس موقف میں نہیں ہے کہ وہ بینکوں کو مالی راحت فراہم کرسکے ۔ معیشت میں سست روی ، کاروں اور دو پہیوں کی گاڑیوں کی فروخت میں کمی سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ عوام بھی ملک کی معیشت کو لیکر فکر مند ہوگئے ہیں اور قوت خرید سے محروم ہورہے ہیں ۔ ملک میں غربت بڑھ رہی ہے ۔ شہری اور دیہی علاقوں میں عوام روزگار سے محروم ہورہے ہیں ۔ 58 سالہ ہندوستانی امریکی ماہر معاشیات نے کہا کہ ہندوستان میں ایک مضبوط اپوزیشن کی کمی ہے ۔ کسی بھی جمہوریت کا دل ایک بہتر اپوزیشن ہوتی ہے ۔ حکمراں پارٹی کو من مانی سے روکنے کیلئے ایک مضبوط اپوزیشن کا ہونا ناگزیر ہے ۔