ملک میں بی جے پی کیخلاف سیکولر و جمہوری طاقتوں کے اتحاد کی ضرورت

   

عوام بی جے پی کو معاف نہیں کریں گے، سکریٹری سی پی آئی عزیز پاشاہ کا خطاب

حیدرآباد۔/13 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری سید عزیز پاشاہ نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے ملک میں جمہوریت اور دستور کو پامال کرنے کی کوشش کی ہے۔ جمہوری طاقتوں کو ملک میں متحد ہوکر جمہوریت اور دستور کا تحفظ کرنا چاہیئے۔ سابق رکن راجیہ سبھا سید عزیز پاشاہ نے آل انڈیا اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے سابق قائدین کے کنونشن سے حیدرآباد میں خطاب کیا۔ انہوں نے کہاکہ بابا صاحب امبیڈکر اور دیگر شخصیتوں نے دستور ہند کو تیار کیا لیکن بی جے پی دستور کے خلاف کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام بی جے پی کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹریٹ کے رکن پی وینکٹ ریڈی، سی پی آئی ریاستی سکریٹریٹ کے رکن این بالا ملیش، اے آئی ایس ایف کے سابق ریاستی جنرل سکریٹری سرینواسلو نائیڈو، تلنگانہ میں عام آدمی پارٹی کنوینر ڈاکٹر سدھاکر اور دیگر قائدین نے اجلاس میں شرکت کی۔ عزیز پاشاہ نے اے آئی ایس ایف کی 88 ویں یوم تاسیس کے موقع پر پرچم لہرایا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کیلئے بی جے پی عوام کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنا چاہتی ہے جس کے نتیجہ میں ملک میں فرقہ پرستی، عدم رواداری اور بدامنی پھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکولر اور جمہوری طاقتوں کو متحد ہوتے ہوئے بی جے پی کے خلاف جدوجہد کرنی ہوگی۔ عزیز پاشاہ نے ملک میں اپوزیشن اتحاد کو خوش آئند قرار دیا۔ اس موقع پر اے آئی ایس ایف کے سابق قائدین ایم آدی ریڈی، پی دیویندر ریڈی، شراون کمار، انجینلو اور دوسروں نے خطاب کیا۔