گاندھی بھون میں جشن جمہوریہ تقریب ، صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 26جنوری ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی رکن پارلیمان نلگنڈہ مسٹر اُتم کمار ریڈی نے بی جے پی کو ہدف ملازمت بتایا اور کہا کہ بی جے پی ملک میں دستور ہند کے مغائر اقدامات کر کے اپنی حکمرانی کررہی ہے ۔ آج یوم جمہوریہ ہند کے موقع پر گاندھی بھون میں قومی پرچم کشائی انجام دیتے ہوئے عوام کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد دی ۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر اُتم کمار ریڈی نے ملک میں نریندر مودی اور ریاست تلنگانہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھرر اؤ عوام کوآزادی نہ دیئے جانے کے اقدامات کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا اور بتایا کہ ملک میں بی جے پی مذہب کے نام پرفرقہ واریت کو ہوا دے رہی ہے اور دنیا بھر میں کہیں بھی نہ پائے جانے جیسے اقدامات بی جے پی قائدین کی جانب سے کئے جارہے ہیں اور ریاست تلنگانہ میں بھی چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ بھی بی جے پی کے نقش قدم پر چل رہے ہیں ۔ یہاں تک کہ کوئی احتجاج منظم کرنے کی اجازت نہ دیتے ہوئے چیف منسٹر اپنے آمرانہ طرز حکمرانی کا ثبوت دے رہے ہیں ۔ ریاست میں منعقدہ بلدی انتخآبات کا تذکرہ کرتے ہوئے مسٹر اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی شراب کی تقسیم اور بڑے پیمانے پر اقدامات کی فراہمی کے ذریعہ بلدی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ۔ انہوں نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی بی جے پی اور مجلس پارٹی کو سخت تنقیدوں کا نشانہ بنایا اور کہاکہ تینوں ہی پارٹیاںایک ہی سکہ کے تین رُخ ہیں اور یہ تینوں پارٹیاں بالواسطہ طور پر مل کر کانگریس میں پارٹی کا وجود برقرار نہ رہنے کیلئے منصوبہ بند سازش کررہی ہیں اور بالخصوص مجلس کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے صدرپردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ ملک گیر سطح پر بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کے مقصد سے ہی مجلس پارٹی ملک کی محتلف ریاستوں میں منعقد ہونے والے انتخابات میں حصہ لے رہی ہے ۔ انہوں نے پُرزور الفاظ میں کہا کہ کانگریس پارٹی کیلئے کامیابی اور ناکامی کوئی نئی بات نہیں ہے اور کانگریس پارٹی ہمیشہ کامیابی و ناکامی پر دو کو بھی قبول کرنے کیلئے تیار رہا کرتی ہے ۔ مسٹر اُتم کمار ریڈی نے بلدی انتخابات میں سرکاری اختیارات کا بیجا استعمال کرنے کا تلنگانہ راشٹرا سمیتی قائدین پر الزام عائدکیا اور کہا کہ بلدی انتخابات میں بے دریغ رقومات اور شراب کی تقسیم کے ذریعہ ہی کامیابی حاصل کی گئی ۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی و رکن پارلیمان نلگنڈہ مسٹر اُتم کمار ریڈی نے اس بات کا ادعا کیا کہ سال 2023 میں منعقد ہونے والے انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کر کے کانگریس پارٹی ریاست تلنگانہ میں بہرصورت برسراقتدار آئے گی ۔ لہذا پارٹی قائدین اور کارکنوں سے مایوس اور ناامید ہوئے بغیر نچلی سطح سے پارٹی کو مضبوط و مستحکم بنانے کیلئے کوشاں رہنے کی پُرزور اپیل کی ۔