ملک میں جاری لاک ڈاؤن کے درمیان جمعیت علماء ہند نے کیا بڑا اعلان

   

نئی دہلی /پریس ریلیز:جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے اپنے پیغام میں جمعیۃ علماء کی سبھی ضلعی یونٹوں کو متوجہ کیا ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں ضرور ت مندوں کی ہر ممکن مدد کریں۔ ملک میں جاری لاک ڈاؤن کا آج بیسواں دن ہے، جیسے جیسے دن گزرتا جارہاہے، یومیہ مزدور اور غریبوں کے مسائل میں بھی اضافہ ہونے کا اندیشہ ہے۔مولانا مدنی نے کہا کہ آج جو حالات ہیں اور جس وسیع پیمانے پر عام مزدوروں کے سامنے بنیادی ضروریات کو لے کر دشواری کھڑی ہوئی ہے، اس میں لوگوں کو سرکاری امداد کے سہارے نہیں چھوڑ ا جاسکتا بلکہ دینی و انسانی فریضہ کو سامنے رکھتے ہوئے بحثیت ایک ذمہ دار ہندستانی اور بالخصوص ایک مسلمان ہمیں بلا تفریق انسانیت لوگوں کی مدد کرنی چاہیے۔بھارت کے مسلمانوں نے ا س ملک کے لیے ہمیشہ برادران وطن کے شانہ بشانہ کھڑ ہو کر کام کیا ہے،آج کا وقت بھی ہم سے اسی اخلاص و جذبے سے اپنی ذمہ داریوں کی تکمیل کا تقاضا کررہا ہے۔مولانا مدنی نے جماعتی احباب سے کہا ہے کہ وہ پختہ عزم کریں کہ آپ جس ضلع میں ہوں، اس ضلع میں کوئی بھوکا نہ سوئے۔مولانا مدنی نے اس درمیان ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ متعدد بار ریاستی ذمہ داروں سے بھی صلاح ومشورہ کیا ہے۔

واضح ہو کہ لاک ڈاؤ ن کے اول دن سے ہی جمعیۃ علماء ہند مزدوروں اور غریبو ں کے لیے ملک گیر سطح پرکام کررہی ہے:اس سلسلے میں جمعیۃ علماء ہند کی سبھی یونٹیں اپنے اپنے علاقوں میں ضرورت مند خاندانوں تک راشن کٹس اور بے یارو مددگار لوگوں کے درمیان پکا ہوا کھانا تقسیم کررہی ہیں۔ملک کی راجدھانی دہلی میں پانچ ہزار راشن کٹس تقسیم کی جاچکی ہیں اور مزید تیار کرکے، شیووہار، جعفر آباد، گوکل پوری، بوانہ، روہنی، نجف گڑھ جیسے باہری دہلی کے علاقوں میں بھیجی جارہی ہیں: ان میں سے 722 کٹس غیر مسلم خاندانوں میں دی گئیں ہیں، دہلی میں دو طرح کی جگہیں ہیں: ایک جگہ تو وہ ہے جہاں فسادمتاثرین رہتے ہیں، ان کی اپنی دشواری ہے، دوسری جگہ لاک ڈاؤن کے حالات کے مارے لوگ ہیں، جمعیۃ علماء ہند کے خدام بیک وقت ان دونوں جگہوں پر پہنچ رہے ہیں۔اسی طرح ملک کے دوسرے میٹرو اور کوسموپولیٹن شہروں :ممبئی، بنگلور، حیدرآباد، چینئ، کلکتہ، چندھی گڑھ، ترو آنند پورم, گوہاٹی، لکھنو، بنارس، دیوبند، کانپور، پٹنہ ، احمد آباد، سورت ، جے پور، پٹنہ ،بھونیشور، سری نگرکشمیر ، رانچی، وغیرہ میں خصوصی طور سے کام کیا جارہا ہے:مرکزی دفتر کو ریاستوں سے موصول رپورٹ کے مطابق اب تک نوے ہزار تین سو چودہ راشن کٹس 90314تقسیم کی جاچکی ہیں جب کہ یومیہ پچاس ہزار افراد کو پکا ہوا کھانا کھلایا جارہا رہے۔

۔۔۔۔۔۔