عوام کو کورونا ویکسین حاصل کرنے کا مشورہ، راج بھون میں یوم دستور تقریب، چیف جسٹس ہائیکورٹ کا خطاب
حیدرآباد۔26۔نومبر (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دستور ہند میں عوام کو دیئے گئے حقوق اور اصولوں کے تحفظ کیلئے خود کو وقف کردیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ دستور ہند کے مطابق ایک مضبوط ، محفوظ ، خوشحال اور خود مکتفی ہندوستان کی تشکیل کو یقینی بنائے۔ گورنر آج راج بھون میں یوم دستور کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے دستور ہند کی معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اور دستوری اسمبلی کے ارکان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ گورنر نے کہا کہ میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتی ہوں جنہوں نے دستور کی تیاری کو حقیقت میں تبدیل کیا ہے۔ گورنر نے دستور سازی میں دستوری اسمبلی کے ارکان کے رول کا ذکر کیا اور کہا کہ انہوں نے ایک جامع دستور کی تیاری کیلئے ہزاروں ترمیمات پر مباحث کئے تھے۔ گورنر نے کہا کہ یوم دستور کے اہتمام کے ذریعہ ہم دستوری اسمبلی کے ارکان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک کو ایک ایسا دستور دیا ہے جس میں ہر شہری کے حقوق کا تعین کیا گیا ہے ۔ گورنر نے کہا کہ دستور ہند ملک کے اتحاد ، یکجہتی اور کثرت میں وحدت کیلئے اہم طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سات دہوں سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ہندوستانی دستور کئی چیلنجس کا سامنا کرتا رہا لیکن وہ ملک میں جمہوریت کی مضبوط بنیادوں میں مددگار ثابت ہوا۔ گورنر نے وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی کابینہ کے ارکان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے 2015 ء میں 26 نومبر کے دن یوم دستور کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ گورنر نے کہاکہ ملک میں کورونا کی صورتحال مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ویکسین کی خوراک حاصل کریں۔ گورنر نے کہا کہ ہر کسی کو احتیاطی تدابیر احتیار کرنا ہوگا۔ ہم ابھی کورونا سے مکمل نجات حاصل نہیں کئے ہیں ، لہذا ماسک کے استعمال ، سماجی دوری اور ہاتھ دھونے کے اصولوں کی پابندی کرنی چاہئے ۔ گورنر سوندرا راجن جو خود ایک فزیشن ہیں ، انہوں نے کورونا سے بچاؤ کی تدابیر بیان کیں۔ گورنر نے کہا کہ عوام ویکسین کے بارے میں تذبذب کا شکار ہیں۔ مجھے ان لوگوں کی فکر ہے جنہوں نے ابھی تک کورونا کی دوسری خوراک حاصل نہیں کی ہے۔ اگر آپ دوسری خوراک حاصل نہیں کریں گے تو پہلی خوراک بے فیض ہوجائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین لینے کے باوجود کورونا سے متاثر ہونے کے بارے میں دلائل پیش کئے جارہے ہیں۔ میرا کہنا یہ ہے کہ آپ ٹیکہ اندازی کے بعد بھی کورونا سے متاثر ہوسکتے ہیں لیکن یہ معمولی انفیکشن جیسے عام سردی کی صورت میں رہے گا۔ گورنر نے کہا کہ سروے میں اس بات کا پتہ چلا ہے کہ آئی سی یو میں شریک کئے جانے والے 99 فیصد افراد نے ویکسین حاصل نہیں کی تھی۔ چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ جسٹس ستیش چندر شرما نے کہا کہ ہر سال 26 نومبر یوم دستور کے طور پر منایا جاتا ہے تاکہ دستور کی اہمیت اور ڈاکٹر امبیڈکر کے نظریات کو عام کیا جاسکے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ دستور ہند میں زندگی کے نظام ، معمولات اور حتیٰ کہ ہر شہری کے تہذیبی اقدار کا احاطہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کے ذریعہ دستور پر عمل آوری کا ایک اہم راستہ ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ٹکنالوجی کو نالج کا متبادل قرار نہیں دیا جاسکتا لیکن اس سے عدالتی نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ ر
انہوں نے کہا کہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ دستور پر عمل آوری اور دستوری اداروںکی بہتر کارکردگی میں اپنا کردار ادا کریں۔ تقریب میں ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ ، ستیہ وتی راتھوڑ ، پرشانت ریڈی کے علاوہ ہائی کورٹ کے ججس اور سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔ ر