ملک میں جولائی اور اگسٹ میںکورونا کیسس میں اضافہ کا اندیشہ

   

ویکسن کی فوری ایجاد ممکن نہیں، تحقیقی ادارہ سی سی ایم بی کے ڈائرکٹر کا رد عمل
حیدرآباد۔/12 مئی، ( سیاست نیوز) سی سی ایم بی سائینسی تحقیقی ادارہ کے ڈائرکٹر راکیش مشرا نے کہا کہ کورونا کے منفی اثرات والے لوگوں میں کورونا پازیٹو کا پایا جانا تشویش کا باعث ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے راکیش مشرا نے کہا کہ فوری طور پر کورونا وائرس کی ویکسن منظر عام پر آنے کی صورتحال نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی سی ایم بی میں اب تک 3000 سے زائد کورونا ٹسٹ کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی ایم آر اور بھارت بائیوٹیک کے اشتراک سے سی سی ایم بی کورونا ویکسن کی تیاری کا تجربہ کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے علاج کیلئے پلازما تھراپی سے کسی قدر فائدہ ضرور ہوگا۔ سی سی ایم بی کے ڈائرکٹر نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا ٹسٹ کی تعداد میں اضافہ کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کا خطرہ ابھی ختم نہیں ہوا ہے لہذا ہمیں کورونا کے ساتھ زندگی گذارنا سیکھ لینا چاہیئے۔ انہوں نے بتایا کہ جولائی اور اگسٹ میں ملک میں کورونا پازیٹو کی تعداد میں اضافہ کا امکان ہے۔ سماجی دوری، ماسک کا استعمال اور دیگر احتیاطی تدابیر کے ذریعہ کورونا وائرس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔