ملک میں خانہ جنگی جیسی صورتحال : سی پی آئی

   

حیدرآباد 4 فبروری ( پی ٹی آئی ) سی پی آئی نے آج الزام عائد کیا کہ این ڈی اے حکومت کی جانب سے سی بی آئی جیسی مرکزی ایجنسیوں کے غلط استعمال اور چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی کے مساوی غیر جمہوری رد عمل کی وجہ سے ملک میں خانہ جنگی جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مرکز میں نریندرمودی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت مرکزی ایجنسیوں جیسے سی بی آئی ‘ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اور انکم ٹیکس محکمہ کو سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کیلئے استعمال کر رہی ہے ۔ اسی طرح چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی بھی شردھا چٹ فنڈ اسکام کے ملزمین کو بچانے کیلئے کوشش کر رہی ہیں۔ اس کے نتیجہ میں ملک میں خانہ جنگی جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس تعطل کو ختم کرے اور ملک کے جمہوری ڈھانچہ کو بچائے ۔ انہوں نے کہا کہ شردھا اسکام کی آزادانہ تحقیقات ہونی چاہئیں ۔