ملک میں خواتین کا تحفظ ،ریاستوں کیلئے نئے رہنمایانہ خطوط

   

Ferty9 Clinic

خواتین کے خلاف جرائم کے ہر معاملے میں کارروائی ضروری: وزارت داخلہ

نئی دہلی:خواتین کے خلاف ملک بھر میں بڑھتے ہوئے جرائم بالخصوص آبروریزی کے واقعات کے سلسلے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مرکزی وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ایڈوائزری جاری کرکے کہا ہے کہ خواتین کے خلاف جرائم کے ہر معاملے میں تمام قوانین پر عمل کرتے ہوئے ضروری کارروائی کی جانی چاہئے ۔اترپردیش کے ہاتھرس میں گزشتہ مہینے ایک لڑکی کی اجتماعی عصمت ریزی و قتل کے واقعہ اور ملک کے کچھ دیگر حصوں میں بھی خواتین کے خلاف جرائم میں پولیس کے رول پر اُٹھنے والے سوالات کے دوران وزارت داخلہ کے محکمہ خواتین سکیورٹی نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف سکریٹریز کو نئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔ جن کے مطابق ان کے نقول تمام پولیس ڈائرکٹر جنرلس اور پولیس کمشنرس کو بھی بھیجی گئی ہیں ۔وزارت نے کہا ہے کہ اس سے پہلے بھی وقتا فوقتا اس طرح کے ایڈوائزری جاری کی جاچکی ہے اور پھر سے یہ ایڈوائزری جاری کی جارہی ہے تاکہ خواتین کے خلاف جرائم بالخصوص آبروریزی کے معاملوں میں طئے شدہ قوانین کے مطابق کارروائی ضروری ہے ۔ آبروریزی کے معاملوں میں ایف آئی آر اور زیرو ایف آئی آر درج کیا جانا لازمی ہے ۔ قانون میں التزام ہے کہ آبروریزی کے معاملوں کی جانچ دو مہینے کے اندر پوری کی جانی چاہئے ۔وزارت نے یہ بھی یاد دلایا کہ قانون میں یہ بھی التزام ہے کہ ان قوانین کی پیروی نہیں کرنے والے افسران کے خلاف سزا یا دیگر طرح کی کارروائیاں کی جائیں گی۔3صفحات پر مشتمل اپنی ایڈوائزری میں وزارت ِ داخلہ نے کہا کہ قابل سزا جرم کی صورت میں ایف آئی آر درج کرنا لازمی ہوگا۔ قانون کے تحت پولیس کو ایف آئی آر یا زیرو ایف آئی آر درج کرنے کا اختیار دیا گیا ہے خواہ جرم پولیس اسٹیشن کے دائرۂ کار کے باہر ہی سرزد کیوں نہ ہوا ہو۔ قانون کے تحت سخت قواعد کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔

پراپرٹی کارڈس اسکیم کا آج آغاز
نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی اتوار کو ’سوامتوا ‘ اسکیم کے تحت پراپرٹی کارڈس کی عملاً تقسیم کا ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ آغاز کریں گے ۔ دفتر وزیراعظم نے بتایا کہ اس سے تقریباً 1 لاکھ پراپرٹی ہولڈرس اپنے پراپرٹی کارڈس اپنے موبائل فونس پر وصول ہونے والے ایس ایم ایس لنک کے ذریعہ ڈاؤن لوڈ کرپائیں گے ۔