رکن اسمبلی گجرات و کنوینر راشٹریہ دلت ادھیکار منچ جگنیش میوانی کی دفتر سیاست آمد، جناب عامر علی خان سے ملاقات
حیدرآباد۔22جنوری(سیاست نیوز) ملک میں دلت مسلم اتحاد اور مظلوموں کے آواز کو مستحکم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ دونوں ہی طبقات سے تعلق رکھنے والے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے علاوہ ان کے مسائل سے آگہی حاصل کی جائے ۔ ہندستان میں جب کبھی دلت پر ظلم ہوتو مسلمان آواز اٹھائے اور جب مسلمان پر کوئی ظلم ہوتو ان مظالم کے خلاف دلت اٹھ کھڑے ہوں۔ ملک سے فاشسٹ فورسس کے خاتمہ کے لئے ضروری ہے کہ ہندستان میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی پیدا کرتے ہوئے پچھڑے ہوئے طبقات کو ایک پلیٹ فارم پر لایا جائے ۔رکن اسمبلی گجرات و کنوینر راشٹریہ دلت ادھیکار منچ مسٹر جگنیش میوانی نے ’دفتر سیاست ‘ پہنچ کر ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خان سے ملاقات کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں ’روہت ویمولہ ایکٹ‘ کے سلسلہ میں جاری کاوشوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جن ریاستوں میں کانگریس کی حکومت ہے ان ریاستوں میں اس ایکٹ کے نفاذ کو یقینی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ مسٹر جگنیش میوانی نے بتایا کہ ہندستان میں فرقہ پرست طاقتوں کو کمزور کرنے کے لئے ضروری ہے کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کے اقدامات کئے جائیں اور عوام کو آزادیٔ ہند کی تاریخ سے واقف کرواتے ہوئے ’آزاد ہندستان کے لئے دی جانے والی قربانیوں کو پیش کیا جائے ۔ انہو ںنے ریاست تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد پیدا شدہ حالات کے متعلق مکمل آگہی حاصل کی اور مختلف فلاحی اسکیمات کے سلسلہ میں معلومات حاصل کرتے ہوئے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ آئندہ برسوں کے دوران کانگریس اپنے تمام انتخابی وعدوں کو پورا کرے گی۔ مسٹر جگنیش میوانی نے ملک میں جاری ووٹ چوری اور ایس آئی آر کے امور پر بھی تفصیلی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں راہول گاندھی فہرست رائے دہندگان میں پائی جانے والی خامیوں کی نشاندہی کرنے کے علاوہ ’’ووٹ چوری‘‘ کے معاملات کا انکشاف کررہے ہیں۔رکن اسمبلی گجرات نے روہت ویمولہ معاملہ کی از سر نو جانچ کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کا بھی تذکرہ کیا ۔3