ملک میں سابق وزرائے اعظم کو فراموش کرنے کی سازش

   

جے پور۔ راجستھان کے چیف منسٹر اشوک گہلوت نے ہفتہ کے روز کہا کہ ملک میں سابق وزرائے اعظم اور ان کے خدمات کو فراموش کرنے کی سازش چل رہی ہے۔ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے تعاون کا تذکرہ کرتے ہوئے گہلوت نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا آج بدقسمتی کی بات ہے کہ مرکز کی موجودہ حکومت میں سابق حکومتوں کے وزرائے اعظم اور ان کے تعاون کو فراموش کرنے کی سازش چل رہی ہے۔ اس کے تحت یہ لوگ ان کے بارے میں ایک لفظ بھی نہیں بولتے۔چیف منسٹر نے مزید کہا کہ میرے خیال میں دنیا کے کسی اور ملک میں ایسا نہیں ہوگا کہ آپ اپنی وراثت کو آگے بڑھاتے ہوئے وزیراعظم یا صدر بنیں اور پرانی وراثت کو بھول جائیں۔ میں یہ ملک میں پہلی بار دیکھ رہا ہوں۔ اس لیے میں بار بارکہتا ہوں کہ کوئی نہیں جانتا کہ ملک کس سمت جا رہا ہے۔ ملک کس طرف جائے گا، کوئی نہیں جانتا۔گہلوت نے یہاں ریاستی کانگریس کے دفتر میں راجیو گاندھی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ آج ملک میں آگ لگی ہوئی ہے، فسادات ہو رہے ہیں، کشیدگی اور تشدد پھیل رہا ہے۔ ایسے میں وزیر اعظم کو امن برقرار رکھنے کی اپیل کرنی چاہیے۔