عالمی یوم آبادی پر مرکزی وزیرگری راج سنگھ کا ٹوئیٹ
نئی دہلی ۔ مرکزی وزیر برائے ماہی پروری اور مویشی پروری گری راج سنگھ نے ہفتے کے روز کہا ملک کواگر ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں لانا ہے تو آبادی پر قابو پانے کیلئے سخت قانون کی ضرورت ہے جو تمام لوگوں اور مذاہب پر یکساں لاگو ہوگا۔ انہوںنے آج عالمی یوم آبادی پر اپنے ٹویٹر پر ایک ویڈیو جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ کبھی آبادی ایک ضرورت ہوتی ہے اور کبھی یہ بوجھ بن جاتی ہے ۔بیگوسرائے سے رکن پارلیمان نے کہا کہ آج ہندوستان میں آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے ۔ ملک کی آبادی دنیا کی مجموعی آبادی کا 18 فیصد سے زائد ہے جبکہ زمینی رقبہ صرف دو فیصد ہے اور پانی صرف چار فیصد ہے ۔ انہوں نے کہا ‘‘ ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی آج ہمارے لئے ایک چیلنج بن گئی ہے ۔ اگر ہم ترقی یافتہ ممالک کے برابر کھڑے ہونا چاہتے ہیں تو ہمیں آبادی پر لگام لگانی ہو گی اور اس کے لئے ایک سخت قانون کی ضرورت ہے۔