گزشتہ 7 سالوں میں ہر روز نئی شرپسندی ، سنگاریڈی میں سدبھاؤنا اجلاس ، مختلف شخصیتوں کا خطاب
سنگاریڈی : محمد معز الدین جنرل سکریٹری سدبھاؤنا فورم سنگاریڈی کے بموجب /30 جولائی بروز جمعہ بعد مغرب اسلامک سنٹر پر فورم کا ماہانہ اجلاس ’’بعنوان ملک کی موجودہ صورت اور ہماری ذمہ داریاں ‘‘ منعقد کیا گیا ۔ جس کی صدارت آر وینکٹیشور لو صدر سدبھاؤنا فورم نے کی ۔ پروگرام کی ابتدا ء محمد معز الدین سکریٹری فورم کے افتتاحی کلمات سے ہوا ۔ اس موقع پر مقررین نے ملک کے حالات کو سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ ملک آج تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے ۔ ہر طرف ظلم ، بربریت ، ناانصافی عام ہے ۔ گزشتہ 7 ، 8 سال سے جب سے اس ملک میں زعفرانی حکمرانی آئی ہے روز ایک نیا شوشہ نکالا جارہا ہے ۔ کبھی NRC ، کبھی CAA ، کبھی یکساں سیول کوڈ ، تو کبھی گاؤ کشی پر پابندی کی بات کی جاتی ہے ۔ اس اجلاس سے محمد مختار حسین صاحب اور دیگر نے مخاطب کیا ۔ آخر میں صدارتی خطاب میں وینکٹیشورلو نے ملک کے حالات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ جب ہم عوام کو باشعور نہیں بناتے یہ ملک انہی لوگوں کے ہاتھ میں رہے گا ۔ اس موقع پر عوام کی کثیرتعداد شامل تھی ، جن میں قادر صاحب ، مجیب صاحب ، فاروق صاحب ، مختار صاحب ، حکیم صاحب ، واحد خاں صاحب ، صمد صاحب ، شبیر صاحب وغیرہ قابل ذکر ہیں ۔ فاروق صاحب کے شکریہ پر اجلاس کا اختتام عمل میں لایا گیا ۔
