ملک میں عبادت گاہوں ،مالس اور ریسٹورنٹس کی آج سے کشادگی

,

   

سماجی فاصلے کی برقراری، سینیٹائزیشن اور دیگر قواعد پر عمل آوری لازمی

٭ ریسٹورنٹس میں صرف 50% کی اجازت
٭ عبادت گاہوں میں سماجی فاصلے کی برقراری کا لزوم
٭ شاپنگ مالس میں غیرعلامتی کسٹمرس کا ہی داخلہ
٭ اسکولس ، کالجس کھولنے پر جولائی میں فیصلہ

نئی دہلی۔ 7 جون (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت نے کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کیلئے عائد کی گئی پابندیوں کو مرحلہ وار ختم کرنے کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔ اَن لاک1.0 کے حصہ کے طور پر پیر 8 جون سے عبادت گاہیں، شاپنگ مالس، ریسٹورنٹس اور ہوٹلس کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ حکومت کے ان احکامات کے ساتھ ہی زائد از 70 دنوں کے بعد عبادت گاہیں، ریسٹورنٹس کھولی جائیں گی۔ مرکزی حکومت نے 30 مئی کو کہا تھا کہ اَن لاک 1.0 پر ملک میں 8 جون سے عمل کیا جائے گا جس کے تحت کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کیلئے 25 مارچ کو لاگو کئے گئے لاک ڈاؤن میں بڑی حد تک چھوٹ دی جائے گی۔ حکومت کے احکامات میں کہا گیا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے شدید طور پر متاثرہ علاقوں یعنی ہاٹ اسپاٹ میں سخت تحدیدات و پابندیاں برقرار رہیں گی۔ مختلف ریاستی حکومتوں نے کہا کہ ان مقامات کو کھولنے اور سرگرمیوں کے دوبارہ آغاز کی اجازت اسی وقت دی جائے جب تمام احتیاطی اقدامات پر پابندی کی جائے گی۔ حکومت کی جانب سے جن اداروں کو کھولنے کی اجازت دی گئی، ان کی اور احتیاطی اقدامات کی فہرست جاری کی گئی جس کے تحت ریسٹورنٹس میں گنجائش کی 50% سے زائد کی اجازت نہیں ہوگی اور انہیں ڈسپوزیبل مینو استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔ مذہبی مقامات کو کھولنے کی اجازت دی گئی ، ساتھ ہی منتظمین کو سماجی فاصلے کے قواعد اور دیگر پروٹوکول پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کورونا وائرس کی وباء پر قابو پایا جائے۔ مجسموں، مورتیوں اور مقدس کتابوں کو چھونے کی اجازت نہیں۔ پرساد یا مقدس پانی کی اجازت ہوگی۔ جوتے، چپلوں کو گاڑیوں میں رکھنے کا مشورہ دیا گیا۔ شاپنگ مالس میں انہیں افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی جن میں کوئی علامت نہ ہو۔ کم سے کم کسٹمرس کو شاپنگ مالس میں جانے کی اجازت ہوگی۔ سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کی ذمہ داری مالس کے انتظامیہ پر ہوگی۔ شاپنگ مالس کے داخلے پر سینیٹائزر اور تھرمل اسکریننگ کا لزوم ہوگا۔ شاپنگ مالس میں گیمنگ آرکیڈ، چلڈرنس پلے ایریا اور سنیما ہالس بند رہیں گے۔ ہوٹلوں کو تمام مہمانوں کی ٹراویل ہسٹری اور طبی حالت کا ریکارڈ رکھنا ہوگا۔ مہمانوں کو سیلف ڈیکلریشن فارم پُر کرنا ہوگا۔ بغیر کسی رابطے کے چیک اِن اور چیک آؤٹ کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ رومس میں بھیجنے سے قبل لگیج کو سینیٹائز کرنا ہوگا۔ انٹرنیشنل ایر ٹراویل، میٹرو ریل، جم، سوئمنگ پولس، انٹرٹینمنٹ پارکس، بارس، آڈیٹوریم اور اسمبلی ہالس بند رہیں گے۔ یہ اَن لاک 1.0 کا پہلا مرحلہ ہے جبکہ جولائی میں دوسرے مرحلے میں اسکولس اور کالجس کو دوبارہ کھولنے سے متعلق حکومت فیصلہ کرے گی۔ نیشنل لاک ڈاؤن کے چار مرحلوں کا 31 مئی کو اختتام عمل میں آیا تھا۔ نئی رعایتوں کیلئے مرکز نے 8 جون تک کا وقت دیا تھا جبکہ لاک ڈاؤن میں 30 جون تک توسیع کی گئی۔ مرکز کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کنٹینمنٹ زونس کے باہر تمام سرگرمیوں کی اجازت ہوگی جبکہ ان زونس سے متعلق مقامی عناصر کی بنیاد پر ریاستی حکومتیں اور مرکز کے زیرانتظام علاقہ ان سے متعلق فیصلہ کریں گے۔