ملک میں عصمت ریزی کے واقعات وزیراعظم کی خاموشی پر کانگریس کی تنقید

   

نئی دہلی ۔ 8 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں عصمت ریزی اور قتل کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ قانون کی حکمرانی کو ختم کیا جارہا ہے لیکن وزیراعظم خاموش ہیں اور اس پر کچھ نہیں کہہ رہے ہیں۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے وزیراعظم کے ایک ویڈیو کے حوالہ سے یہ بیان دیا جس میں مودی نے اس وقت کی کانگریس حکومت کو دہلی میں عصمت ریزی کے واقعات کیلئے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ سرجے والا نے اب اناؤ، حیدرآباد اور الوال، فریدآباد کے واقعات کا حوالہ دیا جس کے متاثرین انصاف کا مطالبہ کررہے ہیں اور وزیراعظم خاموش ہیں۔ حال ہی میں ملک کے مختلف حصوں میں عصمت ریزی اور قتل کے واقعات کے بعد اپوزیشن جماعتیں حکومت کو تنقید کا نشانہ بنارہی ہے۔