لوک سبھا چناؤ میں عیسائی طبقہ سے کانگریس کی تائید کرنے کی اپیل
حیدرآباد ۔19 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ امور کی اے آئی سی سی انچارج دیپا داس منشی نے کہا کہ کانگریس پارٹی ملک میں فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے تاکہ ہر شہری کو انصاف حاصل ہو۔ دیپا داس منشی نے سکندرآباد میں عیسائی طبقہ کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے تلنگانہ میں عیسائی طبقہ کے مسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی تمام مذاہب کے یکساں احترام پر یقین رکھتی ہیں اور مرکز میں اقتدار کے دوران ملک میں تمام طبقات کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا سے بی جے پی خوفزدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیکولرازم کے تحفظ کیلئے کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے ۔ دیپا داس منشی نے کہا کہ تلنگانہ کے تمام 17 لوک سبھا حلقوں میں عیسائی طبقہ کی قابل لحاظ آبادی موجود ہے۔ انہوں نے لوک سبھا چناؤ میں کانگریس کو مستحکم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے مرکز میں اقتدار کی تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک ایک نازک دور سے گزر رہا ہے جہاں فرقہ پرست طاقتیں ملک کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کے درپہ ہے۔ صرف کانگریس پارٹی سیکولرازم اور ملک کا تحفظ کرسکتی ہے۔ ایودھیا میں رام مندر دراصل بی جے پی کا سیاسی ا یجنڈہ ہے لہذا کانگریس قیادت نے افتتاحی تقریب میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دیپا داس منشی نے کہا کہ کانگریس قائدین مندر ، مسجد اور چرچ جانے کیلئے تیار ہیں لیکن کسی سیاسی ایجنڈہ کا حصہ نہیں بنیں گے۔ عوامی مقبولیت میں کمی سے ابھرنے کیلئے رام مندر کی تعمیر کو سیاسی فائدہ کیلئے استعمال کرنے کی کوشش ہے۔ ان کوششوں کو عوام ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عیسائی طبقہ کو یقین دلایا کہ تلنگانہ حکومت ان کی تعلیمی ، معاشی اور سماجی ترقی کے اقدامات کرے گی۔ اس موقع پر عیسائی تنظیموں کے نمائندوں نے دیپا داس منشی کو یادداشت پیش کی۔ 1