ملک میں فعال معاملات کی شرح چھ فیصد سے کم

   

نئی دہلی : ملک میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران دو لاکھ سے زیادہ کورونا سے متاثرہ افراد صحت مند ہوئے ، جس کی وجہ سے 77 ہزار سے زیادہ سرگرم معاملات کم ہوئے اور اس کی شرح چھ فیصد سے نیچے آگئی ہے ۔دوسری جانب جمعرات کو 28 لاکھ 75 ہزار 286 افراد کو کورونا کے ٹیکے لگائے گئے ۔ ملک میں اب تک 22 کروڑ 41 لاکھ 09 ہزار 448 افراد کوٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جمعہ کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق ، پچھلے 24 گھنٹوں میں 132364 نئے کیسز کی آمد کے ساتھ ، متاثرہ افراد کی تعداد دو کروڑ 85 لاکھ 41 ہزار 986 ہوگئی۔ اس دوران دو لاکھ 11 ہزار 499 مریض صحت مند ہوچکے ہیں ، جس میں اب تک دو کروڑ 85 لاکھ 74 ہزار 350 افراد ملک میں اس وبا کو شکست دے چکے ہیں۔ فعال کیسز 77 ہزار 420 سے کم ہوکر 16 لاکھ 35 ہزار 993 پر آگئے ہیں اور اس کی شرح 5.73 فیصد ہوگئی ہے ۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2713 مریضوں کی موت ہوئی اور اس بیماری کی وجہ سے مرنے والوں کی کل تعداد تین لاکھ 40 ہزار 702 ہوگئی ہے۔ملک میں شفایابی کی شرح 93.08 فیصد ہوگئی ہے جبکہ اموات کی شرح فی الحال 1.19 فیصد ہے ۔