عوامی مسائل پر کوئی بات کرنے تیار نہیں ‘ یہ اچھی سیاست نہیں ہے:غلام نبی آزاد
سرینگر : پروگریسیو آزاد پارٹی کے سربراہ غلام نبی آزاد نے کل کہا کہ ملک میں مذہبی منافرت اور دیگر غیر ضروری معاملات کی سیاست تیزی سے پنپ رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کے مسائل پر کوئی بھی سیاسی پارٹی بات نہیں کرتی بلکہ غیر ضروری مسائل ابھارے جارہے ہیں۔غلام نبی آزاد نے ان باتوں کا اظہار کولگام میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ جس طرح سے ملک میں سیاسی پارٹیوں کی جانب سے الیکشن کے دوران غیر ضروری بیانات دئے جارہے ہیں اس کی نظیر ملنا مشکل ہے۔انہوں نے کہاکہ سیاسی پارٹیوں کو مہنگائی ، بے روزگاری اور دیگر اہم مسائل پر بات کرنی چاہئے۔غلام نبی آزاد کا کہنا تھاکہ سبھی سیاسی پارٹیاں حکومت تشکیل دینے کا دعویٰ تو کر رہی ہیں لیکن لوگوں کے اہم مسائل حل کرنے کی جانب کوئی توجہ نہیں دے رہا۔انہوں نے کہاکہ تعمیر وترقی کے بجائے مذہب پر زیادہ زور دیا جارہا ہے اور یہ سیاست اچھی نہیں ہے۔جموں وکشمیر میں اسمبلی چناو کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں غلام نبی آزاد نے کہاکہ اسمبلی چناو کے بعد جموں وکشمیر میں بدلاو آئے گا۔ ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) چیئرمین نے مزید کہا کہ ان کی پارٹی تمام برادریوں کے لئے انصاف کو یقینی بنائے گی اور اختلافات کے بیج بونے والوں کو شکست دے گی۔وہ ضلع کولگام میں بارش کے باوجود روڈ شو سے خطاب کر رہے تھے جس میں عوام کی کثیر تعداد شریک تھی۔ آزاد نے گوجر، کشمیری اور پہاڑی برادریوں کے درمیان یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی دونوں کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ مشترکہ ورثہ اور مذہب کے باوجود ان گروہوں کے اندر تقسیم کو بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے رائے دہندگان پر زور دیا کہ وہ اتحاد کو فروغ دینے اور امتیازی سلوک کو مسترد کرنے کے لئے پرعزم ان کی پارٹی کی حمایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کشمیریوں اور غیر کشمیریوں کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش کرنے والوں کے ناپاک منصوبوں کے خلاف محتاط رہیں۔ مجھے یہ دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے کہ کس طرح انہوں نے شروع میں لوگوں کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کیا اور ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان اختلافات کے بیج بوئے اور اب، وہ اسی عقیدے کی برادریوں کو مزید تقسیم کررہے ہیں۔ جموں وکشمیر میں لوک سبھا انتخابات کیلئے مہم میں کافی تیزی دیکھی گئی جہاں چوتھے مرحلہ میں آج ووٹ ڈالے گئے۔