ملک میں معاشی ایمرجنسی متوقع، مودی نے معیشت تباہ کردی

   

گرتی معیشت اور بڑھتے دھوکوں پر وائیٹ پیپر کا مطالبہ ۔ کانگریس ترجمان کا بیان
نئی دہلی 30 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) مودی حکومت نے ملک کی معیشت تباہ کردی ہے اور کانگریس نے آج مطالبہ کیا کہ ملک میں معاشی ایمرجنسی کا اعلان کردیا جائے اور ہندوستان ڈوبتی معیشت اور بڑھتے دھوکوں پر وائیٹ پیپر جاری کیا جائے ۔ کانگریس ترجمان جئے ویر شیرگل اور گورو ولبھ نے بی جے پی حکومت پر ملک کی معیشت کا اعتماد تباہ کردینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ بینکنگ شعبہ بھی متزلزل ہوگیا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جن لوگوں نے عمدا اپنے قرضہ جات واپس نہیں کئے ہیں ان کے نام اور ان کے این پی ایز کے ساتھ تفصیلات بھی جاری کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس مطالبہ کرتی ہے کہ ملک میں معاشی ایمرجنسی کا اعلان کردیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس مطالبہ کا اعادہ کرتے ہیں کہ بی جے پی حکومت ملک کی ڈوبتی معیشت اور ابھرتے ( بڑھتے ہوئے ) دھوکوں پر ایک وائیٹ پیپر جاری کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر گذرتے دن کے ساتھ یہ واضح ہوتا جا رہا ہے کہ ملک ان بڑے انحطاط کے مرحلہ کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ توسیعی رجحان کے تحت انحطاط کا عمل چل رہا ہے ۔ جب کبھی مسلسل تین سہ ماہی تک پیداوار میں کمی درج ہوتی ہے تو یہ اندیشے بہت زیادہ ہوتے ہیں کہ مکمل انحطاط کی کیفیت پیدا ہوجائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس رجحان نے یہ واضح کردیا ہے کہ فوری اس سے بحالی ممکن نہیں ہے

اور جب جون 2019 کے اعداد و شمار جاری کئے جائیں گے تو یہ مسلسل پانچواں سہ ماہی ہوگا جب پیداوار میں گراوٹ درج ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال واضح ہوگئی ہے کہ جو گراوٹ ہے وہ از خود دور نہیں ہوگی بلکہ اس کیلئے مالیاتی پالیسی اور اقدامات پر انحصار کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک مختصر مدتی اقدامات کا سوال ہے یہ صرف مختصر مدتی ہوتے ہیں اور صرف زخم پر مرہم رکھا اسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے یہ سوال کرنا چاہتے ہیں کہ طویل وقت تک پیداوار میں گراوٹ پر اس کا رد عمل کیا ہے ۔ کیا حکومت اس بات کا پتہ ہے کہ آیا اس صورتحال کیلئے کیا وجوہات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار اپوزیشن کے طور پر کانگریس چاہتی ہے کہ حکومت ملک میں معیشت کی اصل صورتحال پر وائیٹ پیپر جاری کرے ۔ انہوں نے کہا کہ جزوقتی یا عارضی اقدامات کرنے کی بجائے ہم چاہتے ہیں کہ معیشت کو بہتر بنانے کیلئے جامع اور موثر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ کیوں حکومت ملک کی معیشت کی سنگینی کا اعتراف کرنے سے گریز کر رہی ہے ۔