اقلیتی اقامتی اسکول میں قومی یوم تعلیم پروگرام، مقررین کا خطاب
بھینسہ۔ 12۔نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر کے خان آٹونگر میں واقع تلنگانہ اقلیتی اقامتی بوائز اسکول و جونیر کالج میں یوم قومی تعلیم اور یوم اقلیتی بہبود تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا، جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شہر کے مشہور عالم دین مولانا شاہد غفران قاسمی ، حافظ سید عبداللطیف ، اردو پریس کلب بھینسہ صدر اکبر خان اسٹاف رپورٹر محور ، نمائندہ سیاست اظہر احمد خان ، عبدالشکیل نامہ نگار ٹی ٹی وی نے شرکت کی اور طلبہ کی جانب سے تیار کردہ مختلف پراجکٹس کا مشاہدہ کیا،تقریب کا آغاز انٹرمیڈیٹ سال اول کے طالب علم فیض الرحمٰن کی قرأت کلام سے عمل میں آیا جبکہ ارشد خان نے ترانہ پیش کیا ۔ اس تقریب سے مولانا شاہدغفران قاسمی، حافظ سید عبداللطیف ، نمائندہ سیاست اظہر احمد خان اور پرنسپل الیاس احمد راحل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہا کہ مولانا ابوالکلام آزاد ملک کے عظیم مجاہد آزادی اور خداداد صلاحیتوں کے حامل شخصیت تھے جنہوں نے ملک کی آزادی میں نمایاں اور ناقابل فراموش رول ادا کیا، ہندوستان میں تعلیم کے اصول کے شعور کو بیدار کرنے کے علاوہ ملک میں مفت سرکاری تعلیم کا نظام رائج کرنا بھی مولانا آزاد کا ہی کارنامہ ہے، کھیل اور تعلیمی مظاہروں کے مقابلوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کئے گئے جبکہ محمد سلیم اور سنتوش اساتذہ کو بھی بہترین کارکردگی پر توصیف نامہ پیش کرتے ہوئے مذکورہ مہمانوں کی شالپوشی کی گئی۔ اس موقع پر نواب لطیف خان ، یوسف خان ، حافظ طارق جمیل کے علاوہ اساتذہ جن میں عبدالاحمد ، شیخ علی عرفانی ، اعجاز احمد ، سائیناتھ ، کاشف بنارسی ، محمد افضل و دیگر اور طلبہ ، اولیائے طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی اس دوران مذکورہ مہمانوں کی شالپوشی بھی کی گئی۔