میدک میں یوم پیدائش تقریب سے ضلع ایس پی آر پریہ درشنی اور دیگر کا خطاب
میدک۔/12 نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ممتاز مجاہد آزادی ہند اور ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کی 134 ویں یوم پیدائش تقریب ٹمریز جونیر کالج برائے اناث میدک میں بڑے ہی جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئی۔ پرنسپل کالج سریکھا کی صدارت میں منعقدہ اس تقریب میں ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس روہنی پریہ درشنی ، چیف پلاننگ آفیسر جناب محمد قاسم، صدرنشین بلدیہ میدک مسٹر ٹی چندرا پال، ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر مسٹر جملا نائیک نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی۔ روہنی پریہ درشنی نے کہا کہ مولانا آزاد ایک عظیم مجاہد ازادی اور مفکر قوم تھے ان کی خدمات بحیثیت وزیر تعلیم فراموش نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے مولانا ابوالکلام آزاد کی تعلیمی خدمات پر مفصل روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی، یونیورسٹی گرانٹس کمیشن ، یو جی سی، اور انڈین کونسل فار میڈیکل ایجوکیشن ریسرچ کا قیام ان ہی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ چیف پلاننگ آفیسر جناب محمد قاسم نے کہا کہ مولانا ابوالکلام آزاد کی بدولت ہی آج ملک کو تعلیمی میدان میں فروغ حاصل ہوا ہے۔ صدرنشین بلدیہ مسٹر چندرا پال، ٹی آر ایس اقلیتی قائد جناب زبیر مہتاب نے کہا کہ ٹمریز کا قیام تلنگانہ حکومت کا ایک تاریخی کارنامہ ہے۔ اس تقریب میں طالبات نے کلچرل پروگرامس پیش کئے اور مضمون نویسی میں بھی حصہ لیا۔ تمام مستحقین کو اس موقع پر مہمانان خصوصی کے ہاتھوں انعامات کی تقسیم عمل میں آئی اور تمام مہمانوں کو پرنسپل TMRIES کالج سریکھا نے شال پوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی۔ اس تقریب میں ٹی آر ایس قائدین مسرز سید عمر محی الدین، کرشنا گوڑ، شمس النساء عارف کونسلر، مجیب الدین، سید صادق موجود تھے۔