گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیرآباد سدبھاؤنا کی مثال، ڈاکٹر اسلم فاروقی، ڈاکٹر محمد غوث و دیگر کا خطاب
ظہیرآباد۔ بھارت کثرت میں وحدت مثال کا عالمی سطح پر منفرد ملک ہے۔ جہاں مختلف تہذیبوں اور ثقافتوں کے لوگ صدیوں سے ایک گلستان کی طرح مل جل کر رہتے آرہے ہیں۔ بھارت عالمی طاقت کے طور پر ابھرے اس کے لئے ضروری ہے کہ یہاں آپسی اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے تاکہ دنیا بھر میں ملک کی اچھی تصویر ابھرے، گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیرآباد سدبھاونا کی اچھی مثال ہے یہاں سبھی مذاہب اور فرقوں کے طلباء مل جل کر تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیرآباد نے سدبھاؤنا منچ ظہیر آباد کی جانب سے منعقدہ انعامی تقریب سے کیا۔ انہوں نے سدبھاونا منچ ظہیرآباد کی جانب سے ڈگری کالج طلباء کے لئے منعقدہ تحریری مقابلوں میں کامیاب طلباء کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ انعام یافتہ مضامین کو کالج میگزین میں شائع کیا جائے گا۔ سکریٹری سدبھاونا منچ ظہیر آباد نے تقریب کے اغراض و مقاصد پر کہا کہ سدبھاونا منچ ظہیرآباد بلا لحاظ مذہب و ملت لوگوں کی خدمت کررہا ہے۔ غرباء میں بلانکٹ تقسیم، موسم گرما میں ٹھنڈے پانی کا انتظام اور سدبھاونا پروگراموں کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپسی بھائی چارے کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت اور ہر بھارتی کی ذمہ داری ہے۔ ڈاکٹر محمد غوث صدر شعبہ سیاسیات نے کہا کہ بھارت میں دانشور طبقہ چپ ہے جسے سامنے آکر ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ملک میں پائیدار ترقی کے لئے امن آپسی بھائی چارہ ضروری ہے۔ غربت عدم مساوات جانبداری اور نفرت سماجی برائیاں ہیں جن سے بچنا چاہئے۔ ڈاکٹر رویندر ریڈی وائس پرنسپل نے سدبھاونا منچ کے مقاصد کی ستائش کی اور کالج کے طلباء سے کہا کہ وہ بھی سدبھاونا کی عملی مثال بنیں۔ ڈاکٹر عائشہ بیگم صدر شعبہ اردو نے کہا کہ اتحاد سے قوم مضبوط ہوتی ہے۔ بھارت کی کثرت میں وحدت کی خوبی کو برقرار رکھنے کے لئے ہم سب کو عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ اردو زبان دلوں کو جوڑنے والی زبان ہے جس کے ذریعہ عالمی بھائی چارے کے پیغام کو عام کیا جائے۔ تحریری مقابلے میں انعام اول آنے والی طالبہ شہناز بیگم متعلم بی اے سال آخر اردو میڈیم کو نقد رقم مومنٹو اور کتاب دی گئی۔ ایم انیتا بی ایس سی سال اول تلگو میڈیم کو انعام دوم، نقد رقم مومنٹو اور کتاب سدبھاونا منچ کی جانب سے انعام دیا گیا۔ اس تقریب کی نظامت سید روف رکن سدبھاونا منچ نے کی۔ تقریب میں دیگر اراکین سنگپا نائب صدر اور اراکین دیوداس، ایس کے ولی، رابرٹ لوکن، محمد غوث، چندرا پرکاش، کالج کے اساتذہ ڈاکٹر سریندر، مظفر، کلیان، بالاجی، بدر سلطانہ، محمد تنویر اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔